پاکستان کرکٹ بورڈ کا لیگ اسپنر یاسر شاہ کی ڈوپنگ میں معطلی کے خلاف آئی سی سی سے اپیل کرنے کا فیصلہ

Zeeshan Haider ذیشان حیدر پیر 4 جنوری 2016 21:10

پاکستان کرکٹ بورڈ کا لیگ اسپنر یاسر شاہ کی ڈوپنگ میں معطلی کے خلاف آئی سی سی سے اپیل کرنے کا فیصلہ

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔04 جنوری۔2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے لیگ اسپنر یاسر شاہ کی ڈوپنگ میں معطلی کے خلاف آئی سی سی سے اپیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریارخان کا کہنا ہے کہ یاسرشاہ کے بی سمپل کا ٹیسٹ نہیں کرایا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ یاسر شاہ کے ڈوپ ٹیسٹ سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ کو چند معلومات آئی سی سی سے درکار تھیں جو اسے مل گئی ہیں جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ اس معطلی کے فیصلے کے خلاف اپیل کرے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی سیریز کے موقع پر یاسر شاہ کا ڈوپ ٹیسٹ ہوا تھا۔ 27 دسمبر کو آئی سی سی نے مثبت ڈوپ ٹیسٹ کی وجہ سے انہیں عارضی طور پر معطل کردیا تھا۔یاسرشاہ کے ڈوپ ٹیسٹ میں کلورٹالیڈون نامی عنصر سامنے آیا ہے جو واڈا کے قوانین کے مطابق ایک ممنوع دوا ہے۔

(جاری ہے)

اخباری اطلاعات کے مطابق یاسر شاہ کا کہنا ہے کہ انھوں نے بلڈ پریشر کے لیے اپنی بیوی کی دوا استعمال کی تھی۔

واڈا کے قوانین کے تحت معطل کھلاڑی اپنے بی سمپل کے ٹیسٹ کا کہہ سکتا ہے اور اگر وہ ایسا نہ چاہے تو پھر 14 روز میں اسے اپنی معطلی کے فیصلے پر اپیل کاحق حاصل ہوتا ہے۔29 سالہ یاسر شاہ گزشتہ سال پاکستان کے سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے تھے انھوں نے ٹیسٹ میچوں میں 49 وکٹیں حاصل کی تھیں اور ان کی شاندار بولنگ کے نتیجے میں پاکستان نے سری لنکا اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتی تھیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں