غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں رواں مالی سال کے دوران کی جانیوالی سرمایہ کاری کے مقابلے میں48 فیصد زائد ملک سے باہر بھجوا دیئے

پہلے پانچ ماہ کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری کا مجموعی حجم 54 کروڑ 2 لاکھ ڈالر رہا ،80 کروڑ ڈالر سے زائد منافع باہر بھجوا دیا گیا

پیر 4 جنوری 2016 22:32

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 جنوری۔2016ء) غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں رواں مالی سال کے دوران کی جانے والی سرمایہ کاری کے مقابلے میں48 فیصد زائد ملک سے باہر بھجوا دیئے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں بھی 32 فیصد زائد ہے۔ رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا مجموعی حجم 54 کروڑ 2 لاکھ ڈالر رہا جبکہ اس دوران 80 کروڑ ڈالر سے زائد منافع باہر بھجوا دیا گیا ۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال جولائی سے نومبر کے اختتام تک صنعتی شعبے میں 54 کروڑ 2 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی جبکہ منافع کی مد میں 80 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ملک سے باہر بھجوائے گئے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں بھی 32 فیصد زائد ہے۔گزشتہ مالی سال کے اس عرصے میں 60 کروڑ 63 لاکھ ڈالر باہر بھجوائے گئے تھے۔

(جاری ہے)

اسٹیٹ بینک کے مطابق 64 کروڑ 5 لاکھ ڈالر صنعتی شعبے میں کی جانے والی سرمایہ کاری کا منافع اور 16 کروڑ 15 لاکھ 30 ہزار سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والا منافع ظاہر کیا گیا ہے ۔

سب سے زیادہ منافع 17 کروڑ 72 لاکھ ڈالر پاکستان میں مالیاتی بزنس کرنے والوں نے باہر بھجوایاجبکہ اس سیکٹر میں اس دوران نئی سرمایہ کاری کا حجم محض50 لاکھ ڈالر تھا ۔آئل اور گیس سے بجلی بنانے والوں نے 12 کروڑ 11 لاکھ ڈالر باہر بھجوائے جبکہ پانچ ماہ میں صرف 2 کروڑ 78 لاکھ ڈالر کی نئی سرمایہ کاری کی کمیونیکیشن سیکٹر کے سرمایہ کاروں نے 9 کروڑ 56 لاکھ ڈالر اور تیل اور گیس تلاش کرنے والی کمپنیوں نے 7 کروڑ 61 لاکھ ڈالر منافع باہر بھجوایا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں