وہ وقت ضرور آئے گا جب امداد دینے والے تو موجود ہوں گے لیکن لینے والا کوئی نہ ہوگا:وزیراعلیٰ کا تقریب سے خطاب

تین برس میں 20 لاکھ خاندانوں میں 40 ارب روپے کے بلاسود کے قرضے تقسیم کر ینگے :شہبازشریف

Zeeshan Haider ذیشان حیدر منگل 5 جنوری 2016 19:56

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 05 جنوری۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ’’ وزیراعلیٰ خود روزگار سکیم‘‘ بے روزگاری اورغربت میں کمی لانے کا انقلابی پروگرام ہے جس کے تحت گزشتہ چند برس کے دوران17 ارب روپے کے بلاسود قرضے ساڑھے 8 لاکھ خاندانوں میں تقسیم کیے جاچکے ہیں اوریہ خاندان محنت کر کے اپنے پاؤں پر کھڑے ہوچکے ہیں جبکہ آج پنجاب بھر میں 25 ہزا رافراد کوایک ارب روپے کے بلا سود قرضے دیئے گئے ہیں اورآئندہ تین برسوں میں 20 لاکھ خاندانوں میں 40 ارب روپے کے بلاسود کے قرضے تقسیم کر کے انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے۔

ایک طرف ایسے عظیم پاکستانی اور قوم کے معمار ہیں جو وطن عزیز کو ترقی اور خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرنے کیلئے سخت محنت اورجدوجہد کررہے ہیں جبکہ دوسری طرف ایسے لوگ ہیں جو غریب قوم کے اربوں روپے قرضوں کی صورت میں ہڑپ کر کے اشرافیہ کھلاتے ہیں۔

(جاری ہے)

فلاح عامہ کے پروگراموں کی مخالفت کرنے والے اپنا کام کرتے رہیں ہم عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں ملک سے غربت ،جہالت اوربے روزگاری کے خاتمے کیلئے کاوشیں کرتے رہیں گے۔’’وزیراعلیٰ خود روزگار سکیم‘‘ایک تحریک کی شکل اورانقلاب کا روپ دھار چکی ہے۔غریب اورامیر کے درمیان خلیج کم کرنے کا یہ شاندار پروگرام ہے ۔ملک کوعظیم وطن بنانے کی جدوجہد کرنے والے ان غریب خاندانوں کے اس فلاحی پروگرام میں مزید اربوں روپے کا اضافہ کریں گے۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالا ت کا اظہار تاریخی بادشاہی مسجد میں’’وزیراعلیٰ خودروزگار سکیم‘‘ کے تحت بلاسود قرضوں کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔صوبائی وزراء ملک ندیم کامران،ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، چوہدری شیر علی،ملک اقبال چنڑ،مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق،اراکین قومی و صوبائی اسمبلی،دانشوروں،کالم نگاروں اور بلاسود قرضے حاصل کرنے والے ہزاروں افراد نے تقریب میں شرکت کی ۔

وزیراعلیٰ نے تقریب کے اختتام پر مردوں اور خواتین میں بلاسودقرضوں کے چیک تقسیم کیے۔وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج تاریخی بادشاہی مسجد میں ایسے محب وطن اورعظیم پاکستانی موجود ہیں جووطن عزیز کی ترقی کیلئے سخت محنت کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ’’وزیراعلیٰ خود روزگار سکیم‘‘ ایسے ہی افراد کیلئے شروع کی گئی ہے تاکہ وہ بلاسود قرضوں کے حصول سے اپنا کاروبار شروع کرسکیں اور اپنے خاندانوں کی کفالت کی ذمہ داری نبھائیں اور معاشرے کا بوجھ بانٹیں۔

بادشاہی مسجد کے قرب میں پاکستان کا تصور پیش کرنے والے عظیم فلسفی شاعر علامہ محمد اقبالؒ دفن ہیں جنہوں نے یقین محکم،عمل پیہم اور محبت فاتح عالم کا ابدی پیغام دیا ہے ۔بادشاہی مسجد کے سامنے مینار پاکستان ہے جہاں قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں تاریخی قراردادپاکستان منظورکی گئی جس کے اعلی مقاصد ایک ایسا آزاد خطہ حاصل کرنا تھاجہاں سب لوگوں کو مساوی حقوق حاصل ہو، انصاف کا بول بالاہو،قانون کی بالادستی ہواور ہر ایک کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع میسر آئیں۔

قائد اعظمؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں لاکھوں قربانیوں کے بعد ایک آزاد مملکت تو نصیب ہوگئی لیکن جس مقصد کیلئے آزاد مملکت کے حصول کیلئے جدوجہد کی گئی تھی وہ68برس بعد بھی حاصل نہیں ہوسکا ۔ہمیں اس سوال کا جواب تلاش کرنا ہے کہ آج تک قیام پاکستان کے مقاصد کی تکمیل میں ناکام کیوں ہیں؟ ہم اگر آج بھی پاکستان کو قائدؒ اوراقبالؒ کے افکار کے مطابق صحیح معنوں میں فلاحی ریاست بنانے کا عہد کرلیں اورمحنت ،امانت اوردیانت کو شعار بنا لیں تواس عظیم ریاست کے قیام کے اصل مقاصد کو حاصل کر سکتے ہیں۔

کام مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں ۔جس طرح نماز کے دوران امیر اور غریب ایک ہی صف میں کھڑے ہوکر اﷲ تعالیٰ کی عبادت کرتے ہیں،اسی طرح قومی یکجہتی کے ذریعے خوشحالی اورترقی کی منزل بھی پاسکتے ہیں اور آگے بڑھنے کا یہی واحد راستہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف کرپشن اورقرضے ہڑپ کرنے والے ہیں ، غریب قوم کی محنت کی کمائی قرضوں کی شکل میں لوٹنے والوں کے پاس آج بھی بنگلے،گاڑیاں اورکارخانے موجود ہیں لیکن انہوں نے اربوں ،کھربوں روپے کے قرضے معاف کرا کے وطن عزیز کی کشتی کو ڈبویا ہے، قومی معیشت کو تباہ و برباد کیا ہے اور ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کیا ہے۔

لیکن دوسری طرف بلاسود چھوٹے قرضے حاصل کرنے والے عظیم پاکستانی ہیں جوملک کو مضبوط بنانے کی تڑپ رکھتے ہیں ۔اسی لئے انہیں دیئے گئے قرضوں کی واپسی کی شرح 99.99فیصد ہے اور پوری قوم ایسے محب وطن پاکستانیوں کو سلام پیش کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے چند برس قبل بلاسود چھوٹے قرضوں کی سکیم شروع کی جس کا مقصد بے روزگار افراد کو اپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے سرمایہ فراہم کرنا تھا اور’’وزیراعلیٰ خود روزگار سکیم‘‘ کے نام سے ایک ارب روپے کا ریوالونگ فنڈ قائم کیا جو اب بڑھ کر پانچ ارب روپے ہوچکا ہے اوراس ریوالونگ فنڈ سے ساڑھے 17ارب روپے سے زائد کے بلاسود قرضے تقسیم کیے جاچکے ہیں،جو ساڑھے8لاکھ گھرانوں کو دیئے گئے ہیں۔

بلاسود قرضوں کی فراہمی اخوت تنظیم کے اشتراک اورتعاون سے جاری ہے۔حکومت کی جانب سے دیئے گئے یہ قرضے مواخات کے پیغام کی عملی تصویر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام اورمحروم معیشت طبقات کے معیار زندگی میں بہتری لانے کیلئے ایسے فلاحی پروگرام جاری رہیں گے ۔ملک سے غربت کا خاتمہ وزیراعظم محمد نوازشریف اورہماری حکومت کا خواب ہے ۔وزیراعظم کی قیادت میں ملک سے غربت اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔

انشاء اﷲ ایسا وقت ضرور آئے گا جب امداد دینے والے تو موجود ہوں گے لیکن لینے والا کوئی نہ ہوگا۔اگر ترقی یافتہ ممالک محنت سے ایسا کرسکتے ہیں تو ہم بھی کسی سے کم نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام انتہائی محنتی اوربلاصلاحیت ہیں اورہم میں کسی چیز کی کمی نہیں ہے۔انشاء اﷲ وطن عزیز کو بانیان پاکستان کے تصورات کے مطابق صحیح معنوں میں فلاحی ریاست بنا کر دم لیں گے۔

اخوت تنظیم کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر امجد ثاقب نے ’’وزیراعلیٰ خود روزگار سکیم‘‘کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ بلاسود قرضے مذہبی،فرقہ وارانہ یاسیاسی بنیادوں سے ہٹ کر بلاامتیاز رنگ و نسل دیئے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بلاسود قرضوں کی فراہمی دنیاکا قرض حسنہ کا سب سے بڑا پروگرام ہے جس کے ذریعے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے امید کے دیئے روشن کیے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آج پنجاب بھر میں 25 ہزار گھرانوں کو ایک ارب روپے کے بلاسود قرضے دیئے جارہے ہیں۔ بلاسود قرضوں کے اس عظیم نظام سے لوگوں کی بڑی تعدا دمستفید ہورہی ہے ۔معروف صحافی مجیب الرحمان شامی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بہت مبارک دن ہے جب لوگوں کی بڑی تعدا دکو اپنے روزگار کیلئے بلا سود قرضے فراہم کیے جارہے ہیں اورمیں اس شاندار پروگرام پر وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف اوراخوت تنظیم کے ڈاکٹر امجد ثاقب کو مبارکباد دیتا ہوں ۔

مسجدوں میں بلاسود قرضوں کی فراہمی ایک شاندار روایت ہے اور ہمیں اس روایت کو آگے بڑھانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں شروع کیے گئے غریب عوام کے فلاحی پروگرام بار آورثابت ہورہے ہیں اوران پروگراموں سے صوبے کے عوام کی بڑی تعداد مستفید ہورہی ہے ۔’’وزیراعلیٰ خود روزگار سکیم‘‘ کے تحت بلاسود قرض حاصل کرنے والوں نے اس شاندار پروگرام پر شہبازشریف کو خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ ایسے پروگرام ملک سے غربت اوربے روزگاری میں کمی لانے کا باعث بنیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں