وزیر محنت راجہ اشفاق سرور کا سوشل سیکورٹی ہسپتال شاہدرہ کا اچانک دورہ

ایم ایس ہسپتال اور کمشنر سوشل سیکورٹی کو کارڈیالوجسٹ اور دیگر طبی عملہ کی کمی پوری کرنے کی ہدایت

منگل 5 جنوری 2016 21:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔05 جنوری۔2016ء) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کمشنر سوشل سیکورٹی منصور قادر کے ہمراہ تحفظ یافتہ مزدوروں کے لئے قائم سوشل سیکورٹی ہسپتال شاہدرہ کا اچانک دورہ کیا - انہوں نے مختلف شعبوں میں جا کر سٹاف اور ڈاکٹرز و نرسز کی حاضری چیک کی - انہوں نے مزدوروں اور ان کے اہل خانہ سے ہسپتال کی طرف سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور درپیش مسائل بارے آگاہی حاصل کی - ایم ایس ہسپتال ڈاکٹر عارف سہیل رانا ، اے ایم ایس و دیگر انتظامی افسران نے وزیر محنت کو مختلف شعبوں میں ڈاکٹرز ، نرسز و پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری، فراہم کی جانے والی سہولیات اور انتظامی امور سے آگاہ کیا - راجہ اشفاق سرور نے ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولیات ، حاضری اور صفائی ستھرائی کے حوالے سے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا - انہوں نے ہسپتال کے میڈیکل سٹور روم میں ادویات کے سٹاک کو بھی چیک کیا اور ایم ایس ہسپتال کو ضروری ادویات کی فراہمی وافر بنانے کی ہدایت کی - انہوں نے ہسپتال میں کارڈیالوجسٹ اور دیگر شعبوں میں ڈاکٹرز اور عملہ کی کمی کو بھی جلد از جلد پورا کرنے ، انتظامی امور اور دیکھ بھال کے حوالے سے پائے جانے والے نقائص دور کرنے، تمام شعبوں کو کمپیوٹر ائز کرنے اور صفائی کی صورتحال مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایات جاری کیں- راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ صحت مند مزدور ملکی ترقی اور معاشی خوشحالی کی ضمانت ہے -حکومت پنجاب مزدور طبقے کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے - وزیر محنت نے کہا کہ سوشل سیکورٹی ہسپتال شاہدرہ تحفظ یافتہ کارکنوں اور ان کے اہل خانہ کو علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور مزدوروں کی اس علاج گاہ کو سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات سے آراستہ کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات عمل میں لائے جائیں گے -

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں