سال 2015میں1004خواتین نے کاراور 161نے موٹر سائیکل کی تربیت حاصل کی

بدھ 6 جنوری 2016 16:34

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 جنوری۔2016ء) قائمقام چیف ٹریفک آفیسرلاہور آصف صدیق نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس ڈرائیونگ سکول میں خواتین کی ڈرائیونگ کلاسزکے خاطر خواہ نتائج برآمد ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سال 2015میں 1004خواتین نے کار کی تربیت حاصل کی جبکہ حال ہی میں شروع ہونے والی موٹر بائیک کی کلاسز میں161خواتین موٹر سائیکل سیکھ چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس ڈرائیونگ سکول میں اٹلس ہنڈا کی معاونت سے خواتین کیلئے کار اور موٹر سائیکل/سکوٹی کی کلاسزجاری ہیں،موٹر سائیکل کی کلاسز میں ابتک 193خواتین نے رجسٹریشن کرائی اور موٹر سائیکل کی تربیت حاصل کر رہی ہیں ۔اس سلسلے میں چیف ٹریفک آفیسر طیب حفیظ چیمہ کی انچارج ڈرائیونگ سکول انسپکٹر سجاد مہدی کو واضح ہدایات ہیں کہ ڈرائیونگ سیکھنے کیلئے آنے والی خواتین کو اچھا اور باپردہ ماحول فراہم کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خواتین کو موٹر سائیکل /سکوٹی کی تربیت دینے کیلئے سٹی ٹریفک پولیس کی 7جبکہ ہنڈا کی 3ماہر خواتین اساتذہ تعینات ہیں۔انہوں نے کہا کہ 15روزہ کورس میں خواتین کو روزانہ دو گھنٹے ڈرائیونگ سیکھائی جا تی ہے ۔سی ٹی او نے کہا کہ خواتین نے جس جذبے اور محنت سے ڈرائیونگ کی تربیت میں دلچسپی لے رہی ہیں اس سے نہ صرف خواتین از خود سفری سہولیات سے استفادہ کرسکیں گی بلکہ وہ پولیس ڈرائیونگ سکول اورسٹی ٹریفک کی اچھی کارکردگی اور شہریوں کی مدد اور راہنمائی کا منہ بولتا ثبوت بھی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں