اے این ایف کی ملک گیر کارروائیاں ، 500 کلوگرام منشیات برآمد کر لی

منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 11ملزمان گرفتار ،5 گاڑیاں ضبط

بدھ 6 جنوری 2016 18:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 جنوری۔2016ء) اے این ایف نے ملک کے مختلف حصوں میں 7کارروائیاں کرتے ہوئے495کلوگرام چرس اور 5کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی، جبکہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث11ملزمان کو گرفتار کر لیا اور 5گاڑیاں ضبط کر لیں۔ اے این ایف راولپنڈی نے ایک اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے نوشہرہ کے رہائشی طارق گُل کو کچہری چوک راولپنڈی کے قریب سے حراست میں لے کر اس کے قبضے سے 8کلوگرام چرس برآمد کر لی۔

اطلاعات کے مطابق ، ملزم پشاور سے راولپنڈی منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ہے۔ اے این ایف لاہور نے ایک اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے پی ایس او پٹرول پمپ، پرانا شجاع آباد روڈ، ملتان کے قریب سے ایک ٹویوٹا کار نمبر LEC-7205کو قبضے میں لے کر اس میں چھپائی گئی 33.6کلوگرام چرس برآمد کر لی۔

(جاری ہے)

گاڑی میں موجود 3افراد محمد یاسین سکنہ لاہور، محمد رمضان سکنہ ملتان اور محمد سلیم سکنہ اوکاڑہ کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔

علاوہ ازیں،اے این ایف لاہور نے مین شیخوپورہ انٹرچینج شیخوپورہ سے ایک ہیونڈائی سینٹرو کار کو قبضے میں لے کر اس میں چھپائی گئی 5کلوگرام ہیروئن اور 2.4کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ گوجرانوالہ کے رہائشی2ملزمان غلام رسول اور محمد یعقوب کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔اے این ایف پشاور ایک اطلاع پر عمل کرتے ہوئے ایک بیڈفورڈ ٹرک نمبر QAD-4421 کو نیو ٹول پلازہ ، انڈس ہائی وے کوہاٹ کے قریب حراست میں لیا اور اس میں چھپائی گئی 275کلوگرام چرس برآمد کر لی۔

گاڑی کا ڈرائیور پشاور کا رہائشی دلاور موقع سے گرفتار کر لیا گیاجس نے ابتدائی تفتیش کے دوران خیبر پختونخواہ سے پنجاب منشیات اسمگل کرنے کا اعتراف کیا۔ اے این ایف پشاور نے ایک اور کاروائی کے دوران شاہی باغ ، پشاور کے قریب سے ایک رکشا کو حراست میں لیا اور اس کی سیٹوں کے نیچے چھپائی گئی 4.8 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ رکشے کا ڈرائیور علی رحمان سکنہ نوشہرہ کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ، منشیات مقامی استعمال کی غرض سے سے کسی محفوظ جگہ پر منتقل کی جارہی تھی۔ اے این ایف کراچی نے ایک اطلاع پر عمل کرتے ہوئے آٹے کے ایک ٹرک نمبر MNI-3011کو پیالہ ہوٹل، روہڑی بائی پاس ، روہڑی کے قریب سے قبضے میں لیا اور آٹے کے تھیلوں میں چھپائی گئی 170 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ گاڑی کے ڈرائیور محمد اسلم اوراس کے ساتھی محمد یوسف کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔

مزید،اے این ایف کراچی نے بنگالی پارہ ،کورنگی ، کراچی کے علاقے میں ایک چھاپے کے دوران مقامی منشیات فروش محمد رفیع کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کی تلاشی کے نتیجے میں اس کے ذاتی قبضے سے 1.1کلوگرام چرس برآمد کر لی گئی۔ تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں