اقتصادی راہداری کے منصوبوں پر پیش رفت قابل تحسین ،عوام کی حالت بھی بہتربنائی جائے،من پسند افراد کو30ارب روپے کے قرضوں کی معافی ملک وقوم کے ساتھ ظلم ہے،سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے والوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے

امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمدکا بیان

بدھ 6 جنوری 2016 19:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 جنوری۔2016ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن)کے دور میں پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبوں پرکام قابل تحسین ہے لیکن حکومت کو عوام کی حالت بہتر بنانے کے لئے بھی عملی اقدامات کرنے چاہئے۔گڈگورننس کے دعوے محض کاغذوں تک محدود ہوکر رہ گئے ہیں۔موجودہ حکومت نے اپنے اڑھائی سال کے دورحکومت میں2759ارب روپے کے ملکی قرضے حاصل کئے جبکہ دوسری جانب سے بااثرافراد کے30ارب روپے کے قرضے معاف کردیئے گئے ہیں جوکہ انتہائی تشویش ناک امر ہے۔

پاکستان ایک غریب ملک جوپہلے ہی قرضوں پر چل رہا ہے ایسے میں من پسند افراد کے قرضے معاف کرناملک وقوم کے ساتھ ظلم ہے۔کسی کو عوام کے مسائل سے کوئی غرض نہیں۔بدھ کو ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سال2013کے دوران حکومت نے17ارب75کروڑروپے سے زائد کے قرضے معاف کئے جبکہ 2014کے دوران 12ارب60کروڑ17لاکھ روپے کے قرضے بااثرافراد کومعاف کرکے دوستیاں نبھائی گئیں۔

(جاری ہے)

اس وقت پاکستان کے مجموعی خالص بیرونی قرضہ51.80ارب ڈالر سے تجاوز کرچکا ہے۔جس پر ہر سال10.96فیصد سودکی مدمیں اداکئے جانے ہیں۔موجودہ حکومت اپنے دور اقتدار میں650ارب روپے اداکرے گی جبکہ2109ارب روپے آئندہ حکومت کے ذمہ واجب الادا ہوں گے جوکہ ملک وقوم کے ساتھ سنگین مذاق کے مترادف ہے۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں ہوشرباء اضافہ ہوچکا ہے۔

غریب عوام کو دووقت کی روٹی بھی میسر نہیں۔ملک کی نصف سے زائد آبادی ایک ڈالر یومیہ کمانے پر مجبور ہے۔سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے والوں میں دن بدن اضافہ لمحہ فکریہ ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت قرضے حاصل کرنے کی بجائے ملکی وسائل پرانحصار کرے اور ایسی پالیسیاں مرتب کی جائیں جن سے حقیقی معنوں میں 18کروڑ عوام کوریلیف میسر ہوسکے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں