عدالتی حکم عدولی پر تھانیداتوں کی وارنٹ ’نکل ‘ گئے

بدھ 6 جنوری 2016 22:29

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 جنوری۔2016ء) لاہور کی سیشن عدالتوں کے جج صاحبان نے عدالتی احکامات کی پرواہ نہ کرنے پر پنجاب پولیس کے متعدد پولیس افسران و اہلکاروں کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرکے متعلقہ حکام کو انہیں گرفتار کرکے عدالتوں کے روبرو پیش کرنے کے احکامات جار ی کئے ہیں۔ یہ افسر سیشن عدالتوں میں زیر سماعت قتل کے مختلف مقدمات میں بطور گواہ پیش نہ ہو رہئے تھے جس کے باعث مقدمات التوا کا شکار ہیں۔

ایڈیشنل سیشن جج غلام عباس سیال نے قتل کے زیر سماعت استغاثہ میں پیش نہ ہونے پر انسپکٹر عبدالپاشاہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے’’ ڈی پی او ‘‘ اوکاڑہ کو مذکورہ افسرا گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج شاہدہ سعید نے زیر سماعت قتل کے مقدمے سرکار بنام فوزیہ میں انسپکٹر رضوان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرکے متعلقہ کو اسے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل سیشن جج مبشر ندیم خان نے قتل کے مقدمے میں مال مقدمہ خرد برد کرنے پر ’’ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور کو ایس ایچ او تھانہ شفیق آباد کے خلاف کارروائی کرکے رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ مذکورہ افسر نے پانچ سال قبل شفیق آباد میں ہونے والے قتل میں ملوث ملزمان سے برآمد ہونے والا پستول خرد براد کر لیا جس کا فاضل عدالت نے نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کے احکامات جاری کئے ہیں۔

ایڈیشنل سیشن جج نعیم عباس نے قتل کے مقدمہ سرکار بنام حافظ شہزاد میں سماعت کے دوران بطور گواہ پیش نہ ہونے پر سی آئی اے کینٹ کے سب انسپکٹر محمد اشرف اور کانسٹیبل فقیر حسین کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو انہیں گرفتار کرکے18جنوری کو عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ جبکہ فاضل جج نے قتل کے مقدمے سرکار بنام ظفر حسین میں ایس ایچ او تھانہ برکی عتیق ڈوگر اور تھانہ محرر عبدالرزق کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ایس پی کینٹ کو انہیں گرفتار کرکے18 جنوری کو انہیں عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے تھانہ برکی کے ایک اور مقدمے سرکار بنام امجد اقبال میں انویسٹی گیشن ونگ کے کانسٹیبل کرامت علی، محمد بابر، زاہد حسین، بشارت علی اور اظہارالحق کو گرفتار کرکے گیارہ جنوری کو عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔فاضل جج نے سرکار بنام عمر نصیر میں تھانہ نشترکالونی انویسٹی گیشن ونگ کے سب انسپکٹر محمد اشرف خان ، محمد صدیق، تھانہ محرر غلام اصغیر، کانسٹیبل منظورالحسن ، محمد شاہد ، بشیر حسن کے خلاف کاروائی کرکے متعلقہ حکام کو انہیں گرفتار کرکے18جنوری کو عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

فاضل جج نے قتل کے مقدمے سرکار بنام توقیر اقبال میں تھانہ باغبانپورہ پولیس کے خلاف کارروائی کرکے تھانہ محرر علی اصغر، کانسٹیبل محمد اشرف، محمد رفیق ، محمد ایوب ، فیاض احمد ، محمد آصف اور ذوالفقار علی کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرکے متعلقہ حکام کو انہیں گرفتار کرکے گیارہ جنوری کو عدالت کے روبروہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ فاضل جج نے قتل کے مقدمے سرکار بنام حاجراں بی بی میں تھانہ سٹی رائے ونڈ کے ڈیوٹی افسر اے ایس آئی اورنگزیب اور کانسٹیبل عبدالرزاق کے وارنٹ گرفتاری جاری کرکے انہیں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں