وسطی پنجاب میں سورج مکھی کی بہاریہ کاشت 15 جنوری سے شروع کرنے کی ہدایت

جمعرات 7 جنوری 2016 12:38

لاہور۔7جنوری(اے پی پی محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کاشتکاروں کو سورج مکھی کی بہاریہ کاشت جنوبی پنجاب میں یکم جنوری،وسطی پنجاب میں 15 جنوری جبکہ شمالی پنجاب میں یکم فروری سے شروع کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ترجمان نے بتایاکہ بھاری میرا زمین سورج مکھی کی کاشت کے لیے موزوں ہے ۔ زمین کی تیاری کیلئے راجہ ہل یا ڈسک ہل پوری گہرائی تک چلائیں تاکہ پودوں کی جڑیں گہرائی تک جاسکیں اور کھیت کو ہموار کرنے کیلئے لیزر استعمال کریں ۔

شرح بیج کا تعین زمین کی قسم ، شرح بیج کی روئیدگی، وقت کاشت اور طریقہ کاشت کو مدنظر رکھ کر کریں ۔ ہائبرڈ اقسام کا90 فیصد سے زیادہ اُگاؤ والا دو تا اڑھائی کلو گرام صاف ستھرا بیج فی ایکڑ استعمال کریں اور بوائی کے وقت بیج کی گہرائی زیادہ سے زیادہ دو انچ رکھیں۔

(جاری ہے)

قطاروں کا درمیانی فاصلہ سوا دو تا اڑھائی فٹ رکھیں، آبپاش علاقوں میں پودوں کا درمیانی فاصلہ 9 انچ اور بارانی علاقوں میں12 انچ رکھیں ۔

رواں سال صوبہ پنجاب میں سورج مکھی کی کاشت کا ہدف 86 ہزار 5 سو ایکڑ مقرر کیا گیا ہے جس سے تقریباً 60 ہزارٹن پیداوار حاصل ہوگی۔ پاکستان اپنی ملکی ضروریات کا صرف 30 فیصد خوردنی تیل پیدا کرتا ہے جبکہ باقی 70 فیصد درآمد کرنا پڑتا ہے جس پر کثیر زرمبادلہ خرچ ہوتا ہے۔ زرعی ماہرین کے مطابق سورج مکھی کے بیج میں اعلیٰ قسم کا تقریباً 40 فیصد تیل ہوتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں