پاکستان کوٹنگ شو 2016لاہور میں15تا17جنوری تک ہوگا

سالانہ ایونٹ میں ملکی کوٹنگ انڈسٹری موجودہ اور نئی ٹیکنالوجی پر مبنی مصنوعات کی نمائش کرے گی

جمعرات 7 جنوری 2016 17:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 جنوری۔2016ء ) بی ٹو بی میڈیا (بن رشید گروپ)کے تحت پاکستان کوٹنگ شو2016نمائش 15تا 17جنوری کو لاہور ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگی۔تین روز تک جاری رہنے والے اس سالانہ ایونٹ میں ملکی کوٹنگ انڈسٹری موجودہ اور نئی ٹیکنالوجی پر مبنی مصنوعات کی نمائش کرے گی۔بی ٹو بی نیٹ ورکنگ کے تحت ہونے والی اس نمائش کا افتتاح لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے شیخ ایم ارشد کرینگے جبکہ نمائش میں ملک بھر سے کوٹنگ انڈسٹری کے مینو فیکچررز،سپلائرز،ڈسٹری بیوٹرز اور ڈیلرز شرکت ہونگے اور بی ٹو بی کی جانب سے فراہم کئے جانے والے پلیٹ فارم پر اپنے جدید آلات اور انوویشنز کا بھرپور ڈسپلے کرینگے۔

گزشتہ تین دہائیوں سے بن رشید گروپ انتہائی تربیت یافتہ پروفیشنلز کی ٹیم کی حیثیت سے پلاسٹک انڈسٹری کی ترقی و فروغ کیلئے خام مال کی وسیع ورائٹی کی مارکیٹنگ کیلئے اپنی تحقیق اور مہارت کی بناء پر اہم کردار ادا کررہا ہے۔

(جاری ہے)

بن رشید گروپ کو پہلے ہی چین میں ہونے والی coat expo اور کوریا میں ہونے والےInternational) Adhesive,Coating & Film System Fair (کے پارٹنر ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہے جبکہ گروپ کو کوٹنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان اور پاکستان پینٹ مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کی سرپرستی اور تعاون بھی حاصل ہے۔

بن رشید گروپ کے سی ای او مسٹر معظم کا کہنا ہے کہ ہم پاکستا ن میں کوٹنگ انڈسٹری کے بہتر مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے ہونے والے ایسے ایونٹس کی ابتداء کرنے والوں میں سے ہیں اور ہم کوٹنگ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے سرکردہ افراد کو اپنی مصنوعات اور ٹیکنالوجی متعارف کرانے کیلئے پلیٹ فارم مہیا کرتے رہیں گے اور اس ضمن میں اپنی خدمات کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرینگے مزید یہ کہ انہیں ملکی و غیر ملکی خریداروں سے براہ راست ملاقاتوں کے مواقع بھی میسر ہونگے۔

یہ نمائش 15تا17جنوری تک لاہور ایکسپو سینٹر میں صبح 9تا شام5بجے تک جاری رہے گی جس میں 170اسٹالز لگائے جائینگے جہاں 4ہزار سے زائد وزیٹرز کی آمد متوقع ہے۔اس نمائش میں کوٹنگ انڈسٹری سے متعلق کانفرنس کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جہاں نامور ماہرین اور مقررین اعدادو شمار کے ذریعے انڈسٹری کے رجحانات کا جائزہ پیش کرینگے۔تکینکی ترقی،نئے خام مال اور مفید میتھاڈولوجس کے ایجنڈے پر مبنی یہ کانفرنس کوٹنگ انڈسٹری کی پیداواریت میں اضافے اور ملکی معاشی ترقی کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں