نیوزی لینڈ میں تماشائیوں کی جانب سے فقرے کسے جائیں تو نظراندازکرکے

کھیل پر توجہ دینی ہے:پاکستانی کرکٹ ٹیم کے منیجرانتخاب عالم کے محمد عامرکومشورے

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعرات 7 جنوری 2016 18:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 جنوری۔2016ء) قومی کرکٹ ٹیم کے منیجر انتخاب عالم نے سپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ فاسٹ بولر محمد عامر کو مشورہ دیا ہے کہ نیوزی لینڈ کے دورے میں اگر تماشائیوں کی جانب سے ان پر فقرے کسے جائیں تو انھیں اس جانب بالکل توجہ نہیں دینی ہے۔پاکستانی کرکٹ ٹیم تین ون ڈے اور تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیلنے کے لیے دس جنوری کو نیوزی لینڈ روانہ ہو رہی ہے۔

نیوزی لینڈ نے محمد عامر کو ویزا جاری کر دیا ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو ان کے آسٹریلوی ٹرانزٹ ویزے کا انتظار ہے۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فٹنس کیمپ کے اختتام پر منیجر انتخاب عالم نے کہا کہ ان کی محمد عامر سے بہت تفصیلی بات ہوئی ہے اور انھوں نے محمد عامر کو اچھی طرح سمجھایا ہے کہ صرف اور صرف اپنے کھیل پر توجہ رکھنی ہے اگر تماشائیوں کی طرف سے فقرے کسے جاتے ہیں تو ان پر دھیان نہیں دینا۔

(جاری ہے)

انتخاب عالم نے کہا کہ محمد عامر کا بولنگ کرتے ہوئے جارحانہ انداز برقرار رہنا چاہیے لیکن دوسری چیزوں کو انھیں نظرانداز کرنا چاہیے۔انتخاب عالم نے کہا کہ محمد حفیظ اور اظہر علی سے ان کی بات نہیں ہوسکی ہے کیونکہ یہ دونوں قائداعظم ٹرافی کا فائنل کراچی میں کھیل رہے تھے لیکن محمد عامر کے بارے میں دونوں کرکٹرز کے تحفظات اب ختم ہو چکے ہیں اور انھیں یقین ہے کہ اب کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

پاکستانی ٹیم کے منیجر نے توقع ظاہر کی کہ خدا نے محمد عامر کو نئی زندگی دی ہے کھیلنے کا دوبارہ موقع دیا ہے مستقبل میں ان کی طرف سے دوبارہ کوئی غلط حرکت نہیں ہوگی۔انھوں نے کہا کہ ڈسپلن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاتا اور کھلاڑیوں کو بتایا جاتا ہے کہ ڈریسنگ روم کا ماحول اچھا ہوگا تو ان کی کارکردگی بھی اچھی رہے گی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں