حکومت عوام کے جان ومال کے تحفظ کوہر صورت یقینی بنائے‘ میاں مقصود احمد

2015میں صوبے میں12ہزار افراد اغواء اور4423افراد کوقتل کیاگیا‘امیر جماعت اسلامی پنجاب

جمعرات 7 جنوری 2016 20:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 جنوری۔2016ء ) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ 2015میں صوبے میں چوری،راہزنی،خواتین سے زیادتی اور دیگر جرائم میں12 فیصد اضافہ ہواہے۔گزشتہ برس مجموعی طور پر صوبے میں تین لاکھ پچاس ہزار سے زائد جرائم ریکارڈ ہوئے ہیں۔ڈکیتی کے دوران شہریوں کی 142ارب روپے سے زائد مالیت کی قیمتی اشیاء اور نقدی لوٹی گئی۔

2015میں شہریوں کی تین ارب روپے سے زائد مالت کی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بھی چوری ہوئے۔صوبے میں ہر دوگھنٹے بعد ڈکیتی کرنے والے گروہوں پر پولیس قابو پانے میں ناکام رہی۔انہوں نے کہاکہ صوبے میں راہزنی کی15ہزار832اور ڈکیتی کی1122 وارداتوں میں مجموعی طور پر6ارب روپے سے زائدملکی وغیر ملکی کرنسی،پرائزبانڈ،ڈالر،پاؤنڈ اور زیورات لوٹے گئے۔

(جاری ہے)

صوبے میں12ہزار372افراد کواغواکرنے کے مقدمات درج ہوئے جن میں81شہریوں کوتاوان کے لئے اغواکیاگیا۔صوبے میں اڑھائی ہزار سے زائد خواتین کوزیادتی کانشانہ بنایا گیا۔دوسوسے زائدخواتین اجتماعی زیادتی کاشکار بنیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ صوبے کے بڑے شہروں میں اسٹریٹ کرائم میں12فیصد تک اضافہ لمحہ فکریہ ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ برس صوبے میں4423افراد قتل ہوئے ان میں1131قتل کئے گئے افراد کے ملزموں کاتاحال سراغ نہیں لگایا جاسکا۔یوں محسوس ہوتا ہے کہ لاہور سمیت پوراصوبہ لاقانونیت کی بھینٹ چڑھ چکا ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کوہرصورت یقینی بنائے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں