پنجاب حکومت نے ناکام منصوبے دینے کا ریکارڈ قائم کر لیا ‘ عوامی تحریک پنجاب

خادم اعلیٰ بتائیں 20ہزار میں کون سا کاروبار ہوتا ہے ؟ ، بشارت جسپال ، عائشہ مبشرکا بیان

جمعرات 7 جنوری 2016 20:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 جنوری۔2016ء ) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے کہا ہے کہ خادم اعلیٰ بتائیں 20ہزار روپے سے کون سا کاروبار ہوتا ہے؟ 40ارب روپے کی قرض سکیم در حقیقت حکمران جماعت کیلئے پولنگ ایجنٹ کا کردار ادا کرنے والوں کا معاوضہ ہے ،قومی دولت کو سیاسی’’واہ واہ‘‘ پر برباد کیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت روزگار کے مواقع پیدا کرنے،نوجوانوں کو روزگار دینے اور معاشی سر گرمیوں میں اضافہ کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور عوام کو بے وقوف بنانے کیلئے کبھی گرین ٹریکٹر سکیم کبھی پیلی ٹیکسی لائی جاتی ہے اورکبھی گریجوایٹ نوجوانوں کو زرعی زمین دینے کا چکمہ دیا جاتا ہے ۔یہ ساری سکیمیں ناقص ہونے کی وجہ سے ناکام ثابت ہوئیں ۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت نے ناکام منصوبے دینے کاریکارڈ قائم کر لیا ۔انہوں نے کہاکہ حکمران پنجاب اور وفاق کے محکموں کی لاکھوں خالی اسامیاں پر کریں ۔ خالی اسامیاں پر ہو جائیں تو فوری طور پر 10لاکھ افراد کو اس کا فائدہ پہنچے گا ۔دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات عائشہ مبشر نے کہا ہے کہ خواتین کو موٹرسا ئیکلوں سے زیادہ تعلیم اور روزگار کی ضروت ہے ۔

خواتین کو سکوٹیز یا موٹر بائیک دینا خادم اعلیٰ کا نیا ڈرامہ ہے ،کسی پیارے کی فرم کے موٹر سائیکل بکوانے کیلئے یہ ڈھونگ رچایا گیا ہے ،اس کا نتیجہ بھی خزانے کی تباہی،کرپشن،کمیشن اور کک بیکس کی صورت میں برآمد ہو گا ،انہوں نے کہاکہ لاہور کے جرائم زدہ ماحول میں خواتین کا موٹر بائیک چلانا کسی صورت محفوظ نہیں ہے حکمران خواتین کو سفری سہولیات سے محروم کر کے سکوٹیز ڈرامہ کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ خادم اعلیٰ جواب دیں خواتین کیلئے جو پنک بسیں شروع کی گئی تھیں وہ کہاں گئیں ؟ یہ ڈرامہ کیسے فلاپ ہو ا ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں