عمران خان کی سٹیٹس کو کی حامی جماعتوں کی پارٹنر شپ توڑنے کیلئے جاری جہدوجہد تحریک کی شکل اختیار کر چکی ،جمشید اقبال چیمہ

جمعہ 8 جنوری 2016 16:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 جنوری۔2016ء) تحریک انصاف پنجاب میڈیا ٹاسک فورس کے کنوینر جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی سٹیٹس کو کی حامی جماعتوں کی پارٹنر شپ کو توڑنے کیلئے جاری جہدوجہد تحریک کی شکل اختیار کر چکی ہے ، 126دن کے دھرنے سے عوام میں اپنے حقوق کا شعور اجاگر ہوا اور اسے تاریخ میں یاد رکھا جائے گا، پنجاب حکومت عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ ان کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنے کی بجائے منصوبے بنانے اور اکھاڑنے کے تجربات پر بہا رہی ہے ۔

اپنے ایک بیان میں جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ سٹیٹس کوکی حامی مسلم لیگ (ن) او رپیپلزپارٹی سمیت دیگر جماعتیں تحریک انصاف کے خلاف اکٹھ کر چکی ہیں لیکن اس بار شکست ان کا مقدر بن چکی ہے ۔عوام کی طاقت سے اس جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مرکزی اور پنجاب حکومت میں عوام سے بالواسطہ اور بلا واسطہ اربوں روپے کے ٹیکسز اکٹھے کئے جارہے ہیں لیکن انہیں صحت اور تعلیم سمیت زندگی کی کوئی بھی بنیادی سہولت میسر نہیں۔

اس کے برعکس خیبر پختوانخواہ کی حکومت ٹیکسز کا پیسہ عوام کی زندگیوں میں خوشحالی لانے اور انہیں تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خرچ کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ایسی کئی مثالیں موجود ہیں کہ عوام کے خون پسینے سے اکٹھے کئے جانے والے ٹیکسز سے ایک منصوبہ بنایا گیا اور اسے چند دنوں بعد ہی اکھاڑ کر وہاں نیا منصوبہ شروع کردیا گیا ۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ حکمران وژن سے عاری ہیں اور انہیں عوام کی مشکلات سے کوئی سروکار نہیں۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ پی ٹی آئی انٹر اپارٹی انتخابات کے بعدمزید مضبوط ہو گی اور آئندہ انتخابات میں ایک نئے جذبے اور ولوے کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں