والڈ سٹی اتھارٹی نے کوتوالی چوک سے تجاوزات کا خاتمہ کردیا

جمعہ 8 جنوری 2016 16:54

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 جنوری۔2016ء) والڈ سٹی اتھارٹی نے اندرون لاہور میں آپریشن کر کے کوتوالی چوک سے تجاوزات کا خاتمہ اور6غیر قانونی تعمیرات سربمہر کر دیں۔اتھارٹی کی ترجمان تانیہ قریشی نے بتایا کہ تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف اتھارٹی نے کارروائی تیز کر دی ہے اور اب روزانہ کی بنیادوں پر اندرون لاہور سے تجاوزات کا صفایا اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سنجیدہ ایکشن لئے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کوتوالی چوک تاریخی اہمیت کا حامل ہے جہاں تجاوزات کی بھرمار نے اس کی خوبصورتی خراب کر رکھی تھی۔عام لوگوں کو تجاوزات کے باعث شدید مشکلات درپیش تھیں جبکہ ٹریفک جام معمول بن گیا تھا۔ اتھارٹی کے ڈاریکٹر کنزرویشن نجم الثاقب اور ان کی ٹیم نے گزشتہ صبح تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا اور یہ علاقہ کلیئر کر دیا۔

(جاری ہے)

جبکہ اتھارٹی کے ڈائریکٹر کنزرویشن نجم الثاقب نے غیر قانونی تعمیرات کے حوالے سے بتایا کہ اندرون دہلی دروازے اور کشمیری دروازے میں دو عمارتوں کو تین منزلیں تعمیر کرنے پر نوٹس دے کر سیل کر دیا گیا ہے جبکہ متعلقہ پولیس سٹیشن میں مقدمہ بھی درج کروا دیا گیا ہے۔

جبکہ کشمیری دروازے میں تین پراپرٹیوں کے تہہ خانے ختم کر کے ان کو سیل کرکے مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اعظم کلاتھ مارکیٹ میں پراپرٹی نمبر F-2116کو تین منزلیں اور دو تہہ خانے بنانے کی وجہ سے نہ صرف سیل کیا گیا ہے بلکہ 9مقدمے بھی درج کروائے گئے ہیں۔ نجم الثاقب کا کہنا تھا کہ تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ایکشن اب نہیں رکے گا۔ کوتوالی چوک کو اس کی پرانی شکل میں بحال کر دیا گیاہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں