پرنسپل پی جی ایم آئی نے اپنی نوعیت کی پہلی ویب سائٹ بنا کر اپنے ہم عصروں کے سامنے ایک نیا چیلنج رکھ دیا ہے‘خواجہ سلمان رفیق

بیماریوں سے بچاؤ کے لئے لوگوں میں احتیاطی تدابیر سے متعلق زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے‘ پروفیسر خالد محمود

جمعہ 8 جنوری 2016 20:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 جنوری۔2016ء )مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات کی روشنی میں صوبائی حکومت کی ترجیحات میں صحت اور تعلیم کو خصوصی اہمیت حاصل ہے ، یہی وجہ ہے کہ وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ جدید طریقہ علاج کے حوالے سے تحقیق کے لئے ہر ممکنہ فنڈز فراہم کئے جا رہے ہیں، پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے سرکاری شعبے اپنی نوعیت کی پہلی ویب سائٹ بنا کر اپنے ہم عصروں کے سامنے ایک نیا چیلنج رکھ دیا ہے، جس کا حاصل کرنا اب ان پر بھی فرض ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعتہ المبارک کی دوپہر پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ میں منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب میں کیا۔ دوران تقریب انہوں نے پاکستان میں پہلی مرتبہ سرکاری و نجی شعبے میں رعشہ ،پٹھوں کے کھچاؤ اور پارکنسن کے امراض کے علاج کیلئے جدید طریقہ ڈی بی ایس کے خالق پروفیسر آف نیورو سرجری یونٹ II لاہور جنرل ہسپتال ڈاکٹر خالد محمود کی جانب سے تیار کی گئی ویب سائٹdbspakistan.com www. کا باضابطہ افتتاح کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرمیڈیکل سپریٹنڈنٹ جنرل ہسپتال کیپٹن(ر) نیاز احمد، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر شاہد مختار، اے ایم ایس ڈاکٹر شاہد میو، کے ساتھ دیگر ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔ مشیر صحت نے کہا کہ آج کی تقریب میرے اور ہم سب کے لئے اس لحاظ سے بھی منفرد ہے ، کہ ملک میں پہلی بار کسی معالج نے جدید طریقہ علاج کی بابت ہر قسم کی معلومات ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر کے ایک نئی روایت قائم کی ہے۔

اس سے نہ صرف پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود بلکہ جنرل ہسپتال کا نام بھی تاریخ میں امر ہوا ہے۔ اور یہ بات ہمیشہ ہمیشہ کے لئے واضح ہو گئی ہے کہ ڈی بی ایس کا پاکستان میں سرکاری سطح پر علاج کون اور کہاں کر رہا ہے۔تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل پی جی ایم آئی و اے ایم سی پروفیسرڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ علاج معالجے کے لیے جدید تقاضوں کے مطابق آئی ٹی اور جدید تحقیق کو اپنائے بغیر میڈیکل سائنس کی روز افزوں ترقی سے صحیح معنی میں استفادممکن نہیں۔

لہذا ملک و قوم کی خدمت کے نقطہ نظر سے جدید تحقیق سے استفادہ میرا مشن ہے تاکہ اس مرض میں مبتلا مریضوں کو بیرون ملک جا کر علاج نہ کرانا پڑے۔انہوں نے کہا کہ انسانی صحت کے لئے خطرہ بننے والی بیماریاں کے جدید طریقہ علاج کے لئے تحقیق و تجربات کو عام کرنا عظیم خدمت ہے۔جبکہ ویب سائٹ بنانے کا مقصد علاج معالجہ کے لئے ایک دوسرے کے طبی تجربات سے مستفید ہونا اور اس روایت کو مزید فروغ دینا ہے ۔مملکت خداداد پاکستان کے زمینی حقائق سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ بیماریوں سے بچاؤ کے لئے لوگوں میں احتیاطی تدابیر سے متعلق زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔ اور اس ضمن میں شعبہ طب سے وابستہ افراد کو تسلسل کے ساتھ اقدامات کرنے چاہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں