کرکٹ اکیڈمیز کے قیام کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب اور لیجنڈ کرکٹر ظہیر عباس کے درمیان ایم او یو پر دستخط

وزیراعلیٰ کے ویژن کے مطابق ظہیر عباس کی خدمات حاصل کی گئیں ، ایک دو برس میں پاکستان کو کرکٹ کے بہترین کھلاڑی ملیں گے‘ رانا مشہود

جمعہ 8 جنوری 2016 20:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 جنوری۔2016ء ) سپورٹس بورڈ پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق پنجاب کے بڑے شہروں میں کرکٹ اکیڈمیز کے قیام کیلئے آئی سی سی کے صدر اور لیجنڈ کرکٹر ظہیر عباس سے ایک مفاہمت کی یاداشت پر جمعہ کے روز دستخط کئے ہیں۔ تقریب سپورٹس بورڈ پنجاب میں منعقد ہوئی اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان بھی موجود تھے، ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور اور ظہیر عباس نے ایم او یو کی دستاویز کا تبادلہ کیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمدخان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کو سپورٹس کو بہت اہمیت دیتی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پرظہیر عباس کی خدمات حاصل کی گئی ہیں سپورٹس بورڈ پنجاب اور لیجنڈ کرکٹر ظہیر عباس کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت پنجاب کے بڑے شہروں لاہور، ملتان، راولپنڈی اور سیالکوٹ میں کرکٹ اکیڈمیز بنائی جارہی ہے جس میں جدید سہولتیں میسر ہوں گی،ظہیر عباس ان کیڈمیز کی سرپرستی کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ کا ان اکیڈمیز کے قیام کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کی گرومنگ، کوچنگ اور پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے تاکہ پاکستان کو اچھے کھلاڑی ملیں اور پاکستان کی کرکٹ مزید ترقی کرے۔ انہوں نے بتایا کہ چند روز قبل حمزہ شہباز شریف کی زیرصدارت اہم اجلاس منعقد ہوا ہے جس میں نئے سپورٹس گراؤنڈ ز کی تعمیر اور ان میں سہولتوں کی فراہم کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں 1000گراؤنڈز بنا رہے ہیں جس میں 29لاہور میں جبکہ 10اضلاع راولپنڈی، جہلم، گجرات، سیالکوٹ، شیخوپورہ، اوکاڑہ، خانیوال، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان اور لیہ شامل ہیں میں بھی بہتری سہولتوں سے آراستہ گراؤنڈز بناجارہے ہیں۔صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ ظہیر عباس پاکستان کا فخر ہیں، انشاء اﷲ ایک دو سال میں پاکستان کو کرکٹ کے بہترین کھلاڑی میسر ہوں گے۔

ایک سوال کے جواب انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ قائم کررہے ہیں، کابینہ سے منظوری کے بعد یہ فنڈ قائم ہوگا اور یہ ایشیا کا سب سے بڑا فنڈ ہوگا جس کا 40فیصد ویٹرن کھلاڑیوں کے لئے رکھا جائے گا۔آئی سی سی کے صدر ظہیر عباس نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پنجاب حکومت اور وزیرا علیٰ شہباز شریف کا انتہائی شکرگزار ہوں جنہوں نے مجھے کرکٹ کی خدمت کا موقع دیا۔

مجھے جب یہ پیشکش ہوئی تو بخوشی قبول کرلی، نوجوانوں کو کرکٹ کی جانب راغب کریں گے، وزیراعلیٰ کا یہ مثبت اقدام ہے۔ سپورٹس کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے میڈیا کو بتایا کہ ظہیر عباس کی سرپرستی میں کام کرنیوالے اکیڈمیز کو مکمل عملہ فراہم کیا جائے گا۔اگلے ہفتے سے ظہیر عباس سپورٹس بورڈ پنجاب میں کام شروع کردیں گے نوجوان کھلاڑیوں کو ظہیر عباس جیسے عظیم کرکٹر تربیت دیں گے تو یقینی طور پر اچھے کھلاڑی سامنے آئیں گے جس سے ہماری ملکی کرکٹ مزید بہتر ہوگی۔

ایک سوال کے جواب میں ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے بتایا کہ پی این ڈی سے بھی اہم میٹنگ ہوئی جس میں ان منصوبوں کو جلد ازجلد مکمل کرنے کیلئے تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے،جس کے بعد فنڈز کا اجراء بھی جلد ہوجائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں