اعلیٰ پیشہ وارانہ اوصاف ، عسکری مہارت کی حامل افواج ہی قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اپنی ذمہ داری احسن طریقہ سے انجام دے سکتی ہیں‘ کور کمانڈر لاہور

جمعہ 8 جنوری 2016 20:57

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 جنوری۔2016ء) کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے کہا ہے کہ اعلیٰ پیشہ وارانہ اوصاف اور عسکری مہارت کی حامل افواج ہی قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اپنی ذمہ داری احسن طریقہ سے انجام دے سکتی ہیں۔انہوں نے فوجی جوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی عسکری صلاحیتوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر بھرپور توجہ مرکوز رکھیں تاکہ ہمیشہ کی طرح مستقبل میں بھی دفاع سے متعلق ہر چیلنج کا مقابلہ قوم کی تو قعات کے عین مطابق کیا جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چونیاں کے قریب موسم سرما کے تربیتی پروگرام کے تحت عسکری مشقوں میں مصروف فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر جنرل آفیسرز کمانڈنگ میجر جنرل فدا حسین ملک اور میجر جنرل سردار طارق امان بھی انکے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

کور کمانڈر نے کہا کہ کٹھن زمینی حالات اور شدید موسم میں تربیت ہمارے آفیسروں اور جوانوں کی قوت برداشت، عزم و حوصلہ اور عسکری صلاحیتوں میں مزید اضافے کے لیے اشد ضروری ہے۔

انہوں نے جوانوں پر زور دیا کہ وہ مکمل دلجمعی سے اپنی تربیتی مشقوں میں حصہ لیں کیونکہ حقائق پر مبنی تجربے کا کوئی نعم البدل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار ہی ہمیشہ آزمائش کی ہر گھڑی میں ہماری کامیابی کی بنیادرہا ہے اوراس سبقت کو برقرار رکھنے کے لئے ہمیں تربیت کے تمام تر مواقعوں سے مکمل فائدہ اٹھانا ہوگا۔آخر میں کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے آمر اور انفنٹری کی پیش قدمی کا شاندار مظاہرہ دیکھااور تربیت کے معیار اور جوانوں کے بلند حوصلے کو بے حد سراہا۔ دورہ کے دوران مختلف فارمیشن کمانڈروں نے کور کمانڈر کو اپنے تربیتی پروگرام اور مشقوں سے متعلق اغراض و مقاصدکے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں