ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہونیوالی حاملہ خاتون کا قاتل اس کا اپنا شوہر نکلا ، جسے آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا ‘ کیپٹن (ر) امین وینس

گھریلو ناچاقی ،نا پسندیدہ شادی پر اپنی بیوی کو ڈکیتی مزاحمت کا ڈرامہ رچا کرسر میں گولی مار کر قتل کیا ‘ ملزم محمد عثمان کا دوران تفتیش انکشاف

جمعہ 8 جنوری 2016 20:57

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 جنوری۔2016ء) سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہا ہے کہ سی آئی اے پولیس نے 29دسمبر کو سندر داس روڈ پر ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہونیوالی حاملہ خاتون آمنہ بی بی اور دودن بعد ہسپتال میں دم توڑنے والی معصوم بچی کے قاتل کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا ہے، قاتل حاملہ خاتون کا شوہر محمد عثمان ہے جس نے منصوبہ بندی کے تحت قتل کرنے سے دو دن قبل اپنی بیوی کو قتل کرنے کا پلان بنایا اور ڈکیتی مزاحمت کا ڈرامہ رچا کر اپنی بیوی کے سر میں گولی مار کردی جس کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیاجہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئی اور دو دن بعد ہسپتال میں اس کی بچی بھی دم توڑ گئی۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے آج اقبال ٹاؤن مون مارکیٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں سے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن چوہدری سلطان، ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان، ایس ایس پی انویسٹی گیشن حسن مشتاق سکھیر، ایس ایس پی سی آئی اے محمد عمر ورک اور ایس پی انویسٹی گیشن سول لائنز عرفان سمو بھی موجود تھے ۔

تفصیلات کے مطابق جب 29دسمبر کو سندر داس روڈ پر آمنہ بی بی نامی حاملہ خاتون کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے ملزم کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تو فوری طور پرڈکیتی مزاحمت پر قتل ہونیوالی خاتون کے شوہر محمدعثمان کی مدعیت میں تھانہ ریس کورس میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ نمبر829درج کیا گیا اور انویسٹی گیشن اور سی آئی اے پولیس کی مشترکہ چار ٹیمیں تشکیل دے کر ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیا گیا۔

سی آئی اے پولیس نے جب تفتیش کا دائرہ کار بڑھایا تو حاملہ خاتون کے شوہر عثمان کو دو روز قبل شبہ پر شامل تفتیش کیا جس نے دوران تفتیش اعتراف جرم کر لیا کہ اس نے گھریلو ناچاقی اور نا پسندیدہ شادی پر اپنی بیوی کو ڈکیتی مزاحمت کا ڈرامہ رچا کرسر میں گولی مار کر قتل کیا ہے۔ ملزم نے کچھ عرصہ قبل 25ہزار روپے کا پسٹل خریدا اور موقعہ کی تلاش میں رہا کہ کب اپنی بیوی کو قتل کرسکے۔

سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے دن رات محنت کر کے ڈکیتی مزاحمت کا ڈرامہ رچا کر اپنی ہی بیوی اور بچی کو قتل کرنے والے بے درر اور سفاک قاتل عثمان کو گرفتار کرنے پر ڈی آئی جی انویسٹی گیشن چوہدری سلطان، ایس ایس پی انویسٹی گیشن حسن مشتاق سکھیر، ایس پی انویسٹی گیشن سول لائنز عرفان سمو اورخصوصی طور پر ایس ایس پی سی آئی اے محمد عمر ورک کو شاباش دی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں