ایران اور سعودی عرب کی لڑائی میں پاکستان کو فریق نہیں بننا چاہیئے،صاحبزادہ حامد رضا

ہفتہ 9 جنوری 2016 16:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔09 جنوری۔2016ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ایران اور سعودی عرب کی لڑائی میں پاکستان کو فریق نہیں بننا چاہیئے۔دفاع حرمین کے نام پر جلوس نکالنے والے فرقہ واریت پھیلا رہے ہیں۔ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے شیعہ سنی متحد ہیں۔ پٹھان کوٹ حملہ پر بھارتی میڈیا غیر ذمہ دارانہ کردار ادا کررہا ہے۔

بھارتی میڈیا کا امن دشمن رویہ افسوسناک ہے۔تھر میں بچوں کی مسلسل ہلاکتیں سندھ حکومت کی نااہلی کا ثبوت ہے۔تھر میں ہلاک ہونیوالے بچوں کی ہلاکت کی ایف آئی آر وزیر اعلیٰ سندھ کے خلاف درج ہو نی چاہیئے۔افغان حکومت دہشتگردوں کی پناہ گاہیں ختم کرے۔حکومت راہداری منصوبے کو کالا باغ ڈیم نہ بننے دے۔

(جاری ہے)

معیشت کو غیر ملکی قرضوں سے نجات دلانی ہو گی ۔

بھارت مذاکرات میں مخلص نہیں۔ او آئی سی اپنی افادیت کھو چکی ہے۔پاکستانی وزیر اعظم ایران اور سعودی عرب کا ہنگامی دورہ کریں اور د و برادر اسلامی ملکوں کی کشیدگی ختم کروانے کیلئے متحرک کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل ضلع لاہور کے صدر مفتی محمد حسیب قادری کی رہائش گا ہ پر مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ حامد رضانے مزید کہا کہ حکومت پرائی جنگوں کا ایندھن بننے کی پالیسی چھوڑ دے۔ایران سعودی کشیدگی میں پاکستان کو ہر صورت غیر جانبدار رہنا چاہیئے۔امریکہ مسلم ممالک کولڑا کر اپنے مقاصد پورے کرنا چاہتا ہے۔پاک بھارت سیکرٹری خارجہ ملاقات کو پٹھان کوٹ حملہ کی تحقیقات سے مشروط کرنا درست نہیں ہے۔بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ سے عوام کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں