اندرون شہر میں غیرقانونی تعمیرات کیخلاف مؤثر کارروائی نہ کرنے پر ڈی جی والڈ سٹی ،دیگر افسران کیخلاف کاروائی کیلئے درخواست دائر

ہفتہ 9 جنوری 2016 19:39

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 جنوری۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ میں عدالتی حکم کے باوجود اندرون شہر میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف مؤثر کارروائی نہ کرنے پر ڈی جی والڈ سٹی اور دیگر افسران کے خلاف کاروائی کے لئے درخواست دائر کر دی گئی۔یہ جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے سربراہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود اندرون شہر میں بلند و بالا غیر قانونی عمارتوں کی تعمیرات کا کام جاری ہے،پولیس اور والڈ سٹی افسران کی ملی بھگت سے غیرقانونی تعمیرات سے اندرون شہر کا تاریخی حسن تباہ ہو کر رہ گیا ہے، اندرون شہر تاریخی قومی ورثہ ہے جسے محفوظ بنانے کے بجائے غیر قانونی تعمیرات کے ذریعے تباہ کیا جا رہا ہے،اندرون شہر کے باسیوں کو ٹریفک اور دیگر مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے،عدالت کے واضح احکامات کے باوجود اتھارٹی کے قوانین کے لئے عوامی تجاویز بھی طلب نہیں کی گئیں نہ ہی عوامی سماعت کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ عدالتی احکامات نظر انداز کرنے پر ڈی جی والڈ سٹی اور ذمہ دار افسروں کے خلاف موثر کاروائی کرنے کا حکم دیا جائے۔والڈ سٹی اتھارٹی کے فعال ہونے تک اندرون شہر کے تاریخی ورثے کی حفاظت کی ذمہ داری ایل ڈی اے کے سپرد کی جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں