موجودہ نظام نہ بدلا گیا تو نوجوان اعلیٰ تعلیم و باعزت روزگار سے محروم رہیں گے،مظہر علوی

ہفتہ 9 جنوری 2016 20:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 جنوری۔2016ء ) پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مظہر علوی نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں نے تبدیلی کیلئے جس جدوجہد کا آغاز کیا ہے اس کی بنیاد قائد عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری نے رکھی،جلد نااہل حکمرانوں اور کرپٹ نظام انتخاب کا سورج ڈوب جائے گااور غریب عوام اور نوجوانوں کیلئے استحکام پاکستان و عوامی خوشحالی کا سورج طلوع ہو گا۔

غریب عوام اور نوجوانوں کیلئے استحکام پاکستان اور عوامی خوشحالی کی نئی صبح کا آغاز ہونے والا ہے، نوجوان تحریک پاکستان کے جذبے کے ساتھ ظلم اور استحصالی نظام کے خلاف پرامن جمہوری جدوجہد کے تسلسل کو جاری رکھیں، آج کا نوجوان خوش نصیب ہے کہ اسے ڈاکٹر طاہر القادری جیسی قیادت میسر ہے، وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں ملتان،میاں چنوں اور ساہیوال سے آئے نوجوانوں کے مختلف وفود سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے، اس موقع پر حافظ وقار ،علی رضا ،ملک ناصر علی، حاجی فرخ ودیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مظہرعلوی نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں اور انتخابی نظام کو نہ بدلا گیا تو نوجوان اعلیٰ تعلیم و باعزت روزگار سے محروم رہیں گے اور برین ڈرین کا المیہ اس ملک کا مقدر بنارہے گا، طلبہ اور نوجوان اگر روشن مستقبل چاہتے ہیں تو انہیں انتخابی نظام کے خلاف موثر جدوجہد کو جاری رکھنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا وقت آج ہے اور اس کیلئے نوجوان عوامی تحریک یوتھ ونگ کا ساتھ دے کر دنیا کو تبدیلی کا پیغام دیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری کا ویڑن پاکستان کو روشن مستقبل دینا ہے،ضرورت اس امر کی ہے کہ تبدیلی کیلئے ان کا دست و بازو بنا جائے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں