وزیر اعلیٰ سندھ کی وزیر اعظم سے ملاقات میں انکے تحفظات کو سنا گیا ہے ،مسائل کو حل کرنیکی کوشش کی جائیگی‘ پرویز رشید

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کی این سی اے کے انڈر گریجوایٹ ڈگری شو 2015ء کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 9 جنوری 2016 21:24

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 جنوری۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے ملاقات کے دوران وزیراعلی سندھ کے تحفظات کو سنا ہے ،وزیراعظم نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو ذمہ داری سونپی ہے کہ وہ وزیر اعلیٰ سندھ کی باتیں سنیں اور ان مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی ،ماضی میں وفاق صوبوں کو تسلیم ہی نہیں کرتا تھا لیکن تاریخ میں پہلی دفعہ جمہوری روایت کو برقرار رکھتے ہوئے صوبوں کے حق حکمرانی کو تسلیم کیا گیا ، وفاق اور صوبائی حکومتیں مل کر قومی مفادات کیلئے کام کر رہی ہیں، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ ٹیکنیکل چیزوں سے ناواقف ہیں،آپٹیکل فائبراکوڑہ خٹک سے گزرے یا کہیں اور سے ہر کوئی اس سے مستفید ہو سکتا ہے، نیشنل کالج آف آرٹس پاکستان کی تہذیب ، ثقافت ، فنون لطیفہ اور فنکاروں کا وہ مرکز ہے جو ساری دنیا میں پاکستان کو عزت دلاتا ہے اور وقار کو بلند کرتا ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نیشنل کالج آف آرٹس کے انڈر گریجوایٹ ڈگری شو 2015ء کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر مشیر خارجہ امور سرتاج عزیز ، پرنسپل این سی اے مرتضیٰ رضوی سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ وفاقی وزیر پرویز رشید نے کہا کہ اس وقت وفاق اور صوبائی حکومتوں میں مختلف جماعتوں کی حکمرانی ہے اور پہلی دفعہ کامیاب حکمت علمی اور جمہوری روایت کو برقرار رکھتے ہوئے تمام صوبوں کے حق حکمرانی کو تسلیم کیا گیا جبکہ سابقہ روایت میں وفاق صوبوں پر اپنی حکومت مسلط کرنے کی بھرپور کوشش کرتا ہے اور کئی دفعہ گورنر راج بھی لگانا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے خیبر پختوانخواہ میں مفتی محمود اور بلوچستان میں عطاء اﷲ مینگل کی حکومتوں کو ختم کیا، ماضی میں یہ غلطیاں ہم سے بھی ہوئی ہوں گی کیونکہ وفاق صوبوں میں کسی دوسرے کی حکومت کو تسلیم نہیں کرتا تھا لیکن اب پنجاب میں (ن) لیگ ، سندھ میں پیپلز پارٹی، خیبر پختوانخواہ میں تحریک انصاف اور بلوچستان میں اتحادی حکومت ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے بہت اچھا بیان دیا ،ان کے اصولی مؤقف اختیار کرنے اور مثبت چیزیں دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک ٹیکنیکل چیزوں سے ناواقف ہے ، وفاقی وزیر احسن اقبال بھی ان سے ملاقات کر کے ان کو سمجھا چکے ہیں کہ آپٹیکل فائبر اکوڑہ خٹک سے گزرے یا کہیں اور سے وہ انٹر نیٹ استعمال کر سکتے ہیں اور ہر کوئی اس سے مستفید ہو سکتا ہے۔

وہ میرے دوست ہیں امید ہے میں جلد ملاقات کر کے ان کو سمجھا دوں گا کہ انہیں سمجھ آجائے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے تحفظات کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اسلام آباد آئے تھے تو وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات میں ان کے تحفظات کو سنا گیا تھا۔ وزیر اعظم نے چوہدری نثار کو ذمہ داری سونپی تھی کہ وہ وزیر اعلیٰ سندھ کی باتوں کو سنیں اور یقینا مسائل حل کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ اس ادارے کے چیئرپرسن سرتاج عزیز کی کاوشوں سے اس ادارے کو مزید حسن ملے گا اور ان کی کاوشوں سے نہ صرف نام روشن ہو گا بلکہ فنی صلاحیتیں رکھنے والوں کی صلاحیتوں کو طاقت ملے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں