خصوصی ریسکیو آپریشنز کے لئے اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں قائم کرنے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کا دانشمندانہ قدم ریسکیو1122 کی ریسکیوآپریشنز کی استعدادِکار بڑھائے گا، بریگیڈئر (ر)ڈاکٹر ارشد ضیاء

ہفتہ 9 جنوری 2016 22:22

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 جنوری۔2016ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات پر خصوصی ریسکیو آپریشنز کے لئے اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں قائم کی جائیں گی۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو1122 بریگیڈئیر( ر) ڈاکٹر ارشد ضیاء نے کہا کہ ڈویژن کی سطح پر اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں کے قیام کا دانشمندانہ قدم ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کی استعدادِ کارکو بڑھائے گا۔

پہلے مرحلے میں لاہور اور راولپنڈی ڈویژنل ہیڈکواریٹر زمیں اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں کے قیام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ہر ڈویژن کی ٹیم 50 رکنی ریسکیورز پر مشتمل ہو گی۔ دلچسپی رکھنے والے امیدوار نیشنل ٹیسٹنگ سروس کے ذریعے ایمرجنسی سروس کا حصہ بن سکیں گے۔مزید براں ان ٹیمز کے لیے مخصوص مشینری آلات اور ایمرجنسی وہیکلز کی خریداری کے لئے کارروائی شروع کی جا چکی ہے تاکہ اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمزکو تعیناتی اور تربیت کا مرحلہ ختم ہونے کے فوراََ بعد اپنے اپنے متعلقہ ڈویژ ن میں فعال بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب 09ڈویثرن بشمول لاہور،راولپنڈی، ملتان ، فیصل آباد ،گوجرانوالہ، سرگودھا، ساہیوال، ڈی جی خان اوربہاولپور میں خصوصی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کے قیام کی منظوری دے چکے ہیں۔پہلے مرحلے میں لاہور اور راولپنڈی میں ٹیموں کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔مزید براں ایمرجنسی سروس ریسکیو1122 پاکستان آرمی کے ساتھ مل کر ان خصوصی ٹیموں کے تر بیتی معیار کو یقینی بنائے گی۔

ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ یو ایس اے آر کی خصوصی ٹیموں کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ خصوصی تربیت کے حامل ریسکیورز خصوصی آپریشن بشمول عمارتیں منہدم ہونے کے واقعات ‘قدرتی آفات اور پیچیدہ ہنگامی میں اپنے فرائض بہترطور سرانجام دے سکیں۔ ہر ڈویژن میں 50 رکنی یو ایس اے آرٹیموں کا قیام یقینا وزیراعلیٰ پنجاب کا عوام الناس اور ایمرجنسی سروس کے لیے ایک تحفہ ہوگا۔ کیونکہ ان ٹیمز کی تشکیل سے ریسکیو 1122 کے آپریشن کی استعدادِ کار مزید بہتر ہوگی اور ریسکیو رز محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے پیشہ وارنہ کارکردگی موثر انداز میں پیش کر سکیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں