اورنج لائن میٹروٹرین پر پرویزالٰہی کے اعتراضات حقائق کے منافی ہیں‘ترجمان پنجاب حکومت

اورنج لائن میٹروٹرین کے لئے عوامی جمہوریہ چین کی طرف سے آسان شرائط پر فنڈز قرض کی صورت میں مہیا کئے جا رہے ہیں‘ زعیم قادری

ہفتہ 9 جنوری 2016 22:53

لاہور( ) پنجاب حکومت کے ترجمان سید زعیم حسین قادری نے سابق وزیرِا علیٰ چوہدری پرویز الٰہی کی طرف سے لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے پر کی جانے والی تنقید کو حقائق کے منافی قرار دیا ہے۔ترجمان سید زعیم حسین قادری نے واضح کیا ہے کہ منصوبے کے الیکٹریکل و مکینکل حصے کا ٹھیکہ ٹینڈر طلب کر کے چائنہ ریلوے اور نورنکو کے جوائنٹ وینچر کو دیا گیا۔

چینی اداروں کا یہ جوائنٹ وینچر ریل کے انجنوں ، بوگیوں اور سسٹم کی ڈیزائننگ ، تیاری،خریداری اور انہیں چلانے کی تکنیکی قابلیت کے معیار پر پورا اترتا ہے۔ اسی طرح یہ ٹریک کی تعمیر اور سگنل سسٹم کی تیاری اور میٹرو ٹرین کے منصوبے پر عمل درآمد کے بھی قابل ہے۔ چنانچہ یہ کہنا سراسر غلط اور نا مناسب ہے ۔ ان اداروں کو میٹرو ٹرین منصوبے مکمل کرنے کا کوئی تجربہ نہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ فرانس کے ڈیزائن کنسلٹنٹ میسرز سسٹرا نے لاہور گرین لائن کا ڈیزائن تیار کیا تھا۔ یہ ایک معروف ڈیزائن کنسلٹنٹ ہیں تاہم یہ کہنا حقائق کے برعکس ہے کہ گرین لائن کی تعمیر کا ٹھیکہ اُنہیں دیا گیا تھا۔ گرین لائن میٹرو ٹرین پراجیکٹ کی لاگت کا تخمینہ 2.4ارب امریکی ڈالر تھا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے اس لاگت میں سے تقریباً ایک ارب ڈالر دینے پر آمادگی ظاہر کی تھی تاہم اس سلسلے میں قرض کے کسی معاہدے پر دستخط نہیں کیے گئے تھے۔

پنجاب کی موجودہ حکومت نے 2013 ء میں بس ریپڈ ٹرانزٹ کے طور پر گرین لائن کا منصوبہ مکمل کیا تھا جس کی مجموعی لاگت 30کروڑ ڈالر ہے اور یہ اس وقت بڑی تعداد میں شہریوں کو سہولت مہیا کر رہا ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے لیے فنڈفراہم کرنے کا کوئی وعدہ نہیں کیا تھا۔ اس منصوبے کے لیئے فنڈز عوامی جمہوریہ چین کی طرف سے نرم شرائط پر قرضے کی صورت میں مہیا کئے جا رہے ہیں۔ اس کی تعمیراتی لاگت کا تخمینہ 2ارب امریکی ڈالر ہے مگر اس کے برعکس منصوبے کے سول ورکس اور الیکٹریکل و مکینکل حصہ کی لاگت 1.478ارب ڈالر ہے۔ اگر 10فیصد کنٹجینسی اخراجات بھی شامل کر لئے جائیں تو منصوبے کی مجموعی لاگت 1.626ارب ڈالر بنتی ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں