لاہور‘ہاسٹل میں طالبہ کی موت معمہ بن گئی‘پوسٹ مارٹم رپورٹ میں زہر کا ثبو ت نہ مل سکا

اتوار 10 جنوری 2016 16:31

لاہور‘ہاسٹل میں طالبہ کی موت معمہ بن گئی‘پوسٹ مارٹم رپورٹ میں زہر کا ثبو ت نہ مل سکا

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 جنوری۔2016ء) لاہور میں ہاسٹل کے واش روم سے ملنے والی طالبہ کی نعش کی ابتدائی پوسٹمارٹم رپورٹ آ گئی جس میں موت کی وجوہات کا تعین نہیں کیا جا سکا‘ تفصیلات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی کی طالبہ تیس سالہ افضانہ وحدت کالونی کے نجی ہاسٹل میں سات ماہ سے رہائش پذیر تھی۔ گزشتہ روز واش روم میں مردہ حالت میں پائی گئی۔

پولیس کے مطابق طالبہ کے بھائی کا کہنا ہے کہ افضانہ کو دو ماہ پہلے ایک حادثے میں سر پر چوٹ آئی تھی۔

(جاری ہے)

ہاسٹل کے مالک کے مطابق افضانہ گزشتہ سات ماہ سے ساڑھے چار ہزار روپے ماہوار کرایہ پر ہاسٹل میں رہائش پذیر تھی۔ اس کی موت طبعی ہے کسی نے اسے قتل نہیں کیا۔ پولیس نے تفتیش کے لیے افضانہ کی روم میٹ طالبات کو بھی حراست میں لے لیا۔ابتدائی پوسٹمارٹم رپورٹ میں موت کی کوئی وجہ سامنے نہیں آ سکی۔ رپورٹ کے مطابق افضانہ کا معدہ خالی تھا جبکہ جسم پر زخم کا کوئی نشان بھی موجود نہ تھا۔ پولیس کے مطابق اصل صورتحال فرانزک لیب کی رپورٹ کے بعد ہی واضح ہو گی۔ افضانہ کی نعش ورثاکے حوالے کر دی گئی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں