بجلی و گیس کی بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ غلط منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے،سید بلال مصطفی شیرازی

اتوار 10 جنوری 2016 17:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 جنوری۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما و مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا ہے کہ بجلی و گیس کی بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ عوامی پریشانی کا باعث اور غلط منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ کے بعد گیس کی لوڈ شیڈنگ نے گھروں کے چولہے بند کردیئے ہیں اورسکول جانے والے بچوں سمیت عوام ناشتہ کیے بغیر ہی اپنے کاموں پر جانے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ بروقت پائیہ تکمیل نہ پہنچانے کے باعث گیس بحران شدید سے شدید تر ہورہا ہے ۔سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا کہ انتخابات سے قبل 6ماہ میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا نعرہ اور اب 2017ء میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کا اعلان کبھی پورا نہیں ہوگا حکومت انٹرنیشل انرجی کمیشن کی رپورٹ کو سنجیدگی سے لے جس کے مطابق آنے والے سالوں میں بجلی کی ڈیمانڈ میں اضافہ کے مقابلہ میں بجلی کی پیداوار کم ہونے سے پاکستان میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ناممکن ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر پانی و بجلی نے سچ کہا ہے کہ بجلی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیش نظر2018میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ممکن نہیں ۔حکومت یہ کڑوا سچ برداشت کرے اور توانائی بحران کے خاتمہ کے لیے فی الفور بڑے آبی ذخائر جن میں کالا باغ ڈیم بھی شامل ہے پر فوری کام کا آغاز کرے تاکہ آنے والے سالوں میں ان منصوبوں کی تکمیل سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ سے لوڈ شیڈنگ میں کمی واقع ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں