حکومت چین پاکستان اقتصادی راہداری پر کوئی بھی دباؤ قبول نہ کرے ،منصوبہ مقررہ وقت میں مکمل کرے ‘لاہو رچیمبر

پاک چین اقتصادی راہداری دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و معاشی تعاون کو مزید فروغ دینے میں بہت اہم کردار ادا کرے گی

پیر 11 جنوری 2016 17:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جنوری۔2016ء ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پر کوئی بھی دباؤ قبول نہ کرے اور یہ منصوبہ مقررہ وقت میں مکمل کرے ۔ اپنے مشترکہ بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد، سینئر نائب صدر الماس حیدر اور نائب صدر ناصر سعید نے کہا کہ اگرچہ کچھ حلقوں کی جانب سے چین پاکستان اقتصادی راہداری پر درست سوالات کیے جارہے ہیں لیکن کچھ عناصر کی جانب سے اس اہم منصوبے کے خلاف باتیں کرنا درست نہیں کیونکہ یہ منصوبہ پاکستان کو تجارت و سرمایہ کاری کا مرکز بنائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ ہر قیمت پر مکمل کرے کیونکہ اس کے خلاف وہی لوگ ہیں جنہوں نے کالاباغ ڈیم کو متنازعہ بنایا اور پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم نہیں دیکھنا چاہتے۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ اس عظیم الشان منصوبے سے پاکستان کو ہونے والے فوائد کا احاطہ کرنا مشکل ہے، چین پہلے ہی پاک چین اقتصادی راہداری کے سلسلے میں چھیالیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کرچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و معاشی تعاون کو مزید فروغ دینے میں بہت اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت گوادر پورٹ، توانائی، ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر اور انڈسٹریل پارکس کی جانب خاص توجہ دی جارہی ہے جبکہ اس منصوبے کے تحت زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی، فنانس اور ایجوکیشن کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا، پاکستان بے پناہ چینی سرمایہ کاری کے بعد معاشی طور پر بہت مستحکم ہوجائے گالیکن اہداف حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان اور چین کا نجی شعبہ پوری طرح متحرک ہو۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں