پنجاب حکومت نے راوی پل پر ٹریفک کے مسائل حل نہ کئے تو احتجاجی مہم چلائیں گے‘ انجینئر یاسر گیلانی

مسلم لیگ (ن )نے دیگر صوبوں کی طرح پنجاب کے عوام میں بھی احساس محرومی پیدا کر دیا ہے ‘رہنما تحریک انصاف

پیر 11 جنوری 2016 18:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جنوری۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و رکن ڈسٹرکٹ ایگزیکٹو کمیٹی لاہور انجینئر یاسر گیلانی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے دیگر صوبوں کی طرح پنجاب کے عوام میں بھی احساس محرومی پیدا کر دیا ہے حکومت کی غیر منصفانہ پالیسیوں نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے حکمرانوں کو ترقیاتی کاموں کے لئے ماڈل ٹاؤن اور اُس سے ملحقہ علاقوں کے علاوہ کچھ نظر نہیں آتا ۔

اپنے آفس میں شاہدرہ کی یونین کونسلوں کے آئے ہوئے عہدیداروں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاہدرہ سے ایک عرصہ سے مسلم لیگ ن سیٹیں جیت رہی ہے لیکن اس علاقے کے مسائل جوں کے توں ہیں بالکہ جب سے میٹرو بس کا روٹ بنا ہے شاہدرہ کے عوام راوی پل پر ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے ذہنی مریض بنتے جا رہے ہیں کیونکہ یہاں کے لوگوں نے روزانہ آنا جانا ہوتا ہے اس موقع پر وفود کے ساتھ مل کر انجینئر یاسر گیلانی نے اس سلسلہ میں احتجاجی مہم چلانے کے لئے حکمت عملی طے کی ۔

(جاری ہے)

انجینئر یاسر گیلانی نے کہا کہ اگر حکمرانوں نے اس طرف توجہ نہ دی تو بھرپور احتجاجی مہم چلائی جائے گی۔ مسلم لیگ (ن) نے انتخابات کے دوران کئے گئے احتساب کے نعروں کے برعکس چلنا شروع کر رکھا ہے جو ان کے جھوٹے دعوؤں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو دکھ دینے سے اجتناب کرے ورنہ عوام کا طوفان حکمرانوں کو بہا لے جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں