محمد عامر کی ٹیم میں شمولیت سے میری جگہ ختم نہیں ہوئی ‘ فاسٹ بالر جنید خان

عامر نے کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں جگہ بنائی ، سلمان اور آصف نے بھی ٹیم میں جگہ بنانے کے لئے اچھا آغاز کیا ہے

پیر 11 جنوری 2016 19:47

محمد عامر کی ٹیم میں شمولیت سے میری جگہ ختم نہیں ہوئی ‘ فاسٹ بالر جنید خان

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جنوری۔2016ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر جنید خان نے اس تاثر کو رد کردیا ہے کہ اسپاٹ فکنسگ میں سزا یافتہ محمد عامر کی واپسی سے ان کی قومی ٹیم میں شمولیت کے امکانات معدوم ہوگئے ہیں۔جنید خان کا کہنا تھا کہ عامر یا کسی اور کے ٹیم میں شامل یا باہرہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، اس طرح کی چیزوں سے کسی کی زندگی میں شاید ہی کوئی اثر پڑتا ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ میں عامر کی موجودگی میں انڈر19ٹیم میں کھیلا، اس لیے ان کی شمولیت سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔سلمان بٹ اور محمد آصف کے حوالے سے جنید خان کا کہنا تھا کہ دونوں نے واپڈا کی جانب سے پابندی کے خاتمے کے بعد اپنے پہلے میچ میں بہترین کارکردگی دکھائی ہے اور قومی ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے اچھا آغاز کیا ہے، عامر نے واپسی اپنی کارکردگی کے ذریعے کی تھی۔

(جاری ہے)

لمیچ چاہے ڈومیسٹک ہو یا بین الاقوامی، کھلاڑی پر ہمیشہ دبا ؤ ہوتا ہے اور سلمان بٹ نے بہترین کارکردگی دکھائی ہے اس لیے وہ داد کے مستحق ہیں۔اپنی انجری کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ اب مکمل طورپر صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ سینئر کھلاڑیوں کے مشورے پر باؤلنگ کے دوران اچھلنے کی عادت پر بھی قابو پا لیا ہے۔جنید خان کا کہنا تھا کہ وسیم اکرم اور مشتاق احمد نے نشاندہی کی تھی کہ ان کے زخمی ہونے کی وجہ باؤلنگ کے دوران اچھلنے کی عادت بھی ہوسکتی ہے تاہم اب میں اس عادت سے چھٹکارا پا چکا ہوں لیکن میرا بالنگ ایکشن تبدیل نہیں ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے صحت یاب ہوئے تقریباً چھ مہینے گزر چکے ہیں اور اب میں اے ٹیم اور پی ایس ایل میں بہترین کارکردگی کے لیے پرامید ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہر فاسٹ بالر کو جب وہ زخمی ہونے کے بعد فٹ ہو جاتا ہے تو زیادہ میچوں کی ضرورت پڑتی ہے، بدقسمتی سے مجھے ضرورت کے مطابق کھیلنے کا موقع نہیں ملا اس لیے میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیل رہا ہوں اور اچھی بالنگ کررہا ہوں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں