قومی منصوبے کو خاص طبقے اور مخصوص علاقوں تک نہیں رکھیں گے،عرفان شفیع کھوکھر

مخالفین ملکی سا لمیت و استحکام سے مت کھیلیں ،اتفاق رائے کے نام پر ملک کو مسائل سے دوچار نہیں ہونے دیں گے،لیگی رہنماء

پیر 11 جنوری 2016 20:31

رائے ونڈ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 جنوری۔2016ء) چیف کوآرڈی نیٹرٹو ایم این اے ملک عرفان شفیع کھوکھر نے کہا کہ قائد میاں محمد نواز شریف نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا ،اقتصادی راہداری منصوبہ دوسرا معاشی دھماکہ ہے،قومی منصوبے کو خاص طبقے اور مخصوص علاقوں تک نہیں رکھیں گے ۔مخالفین ملکی سا لمیت و استحکام سے مت کھیلیں ،اتفاق رائے کے نام پر ملک کو مسائل سے دوچار نہیں ہونے دیں گے ۔

وہ ان خیالات کا اظہار رائیونڈ امین پورہ میں جامن والی مسجد چوک میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح پر میڈیا سے کررہے تھے ۔عرفان شفیع کھوکھر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے امین پورہ کیلئے کروڑوں روپے کے ریکارڈ منصوبہ جات دیکر اپنے وعدوں کو پایہ تکمیل تک پہنچادیا ہے ،سابقہ ادوار میں رائے ونڈ کی سب سے بڑی آبادی ہونے کے باوجود امین پورہ کو پسماندہ سجھ کر عوام کو بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا گیا ،لیکن ایم این اے ملک محمد افضل کھوکھر نے امین پورہ میں سیوریج اور پینے کے پانی کی عدم دستیابی سمیت تمام مسائل کے حل کیلئے لاتعداد ترقیاتی کام شروع کروائے ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں سیوریج کا مسئلہ اس قدر زیادہ گھمبیر تھاکہ گھروں کے ارد گرد نکاسئی آب کا موٴثر انتظام نہ ہونے کے باعث پانی کھڑا ہونے سے جوہڑ بن گئے تھے، لوگوں کی اربوں روپے کی املاک تباہ ہورہی تھیں مگرآج امین پورہ کی ہر گلی اور محلہ میں پی سی سی روڈز بن چکی ہیں صرف سیویج اور ڈسپوزل کیلئے 12کروڑ روپے کی گرانٹ لگائی گئی ہے ،اس موقع پر انہوں نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ایس ڈی او قیصر رشید اور ان کے عملہ کی کارکردگی کو بے حد سراہا ۔

اس موقع پر صدر مسلم لیگ(ن) امین پورہ ملک محمد حنیف اور جنرل سیکرٹری خالد محمود بھی کارکنوں سمیت موجود تھے ،ملک عرفان شفیع کھوکھر نے امین پورہ میں مزید گلیوں کو پی سی سی کرنے کیلئے ہدایات دیں اور منتخب بلدیاتی نمائندوں اور لیگی کارکنوں سے کہا کہ منصوبہ جات میں شفافیت برقرار رکھنے کے ذمہ داری ان کی ہے ۔اس موقع پر خواتین و حضرات نے علاقہ میں مثالی ترقیاتی کام کروانے پر ایم این اے ملک محمد افضل کھوکھر کا شکریہ ادا کیا

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں