پیپلز پارٹی عوامی ایشوز ، احتساب کے نام پر امتیازی سلوک کیخلاف نئی حکمت عملی اور فیصلوں کیساتھ میدان میں آئیگی،بلاول بھٹو کی زیر صدارت اجلاس

ایل این جی ،یورو بانڈز، ایمنسٹی سکیم کیوں احتساب کی نظر میں نہیں آرہے؟قانون کی پاسداری اسی وقت ہوگی جب سب برابر ہونگے‘ اعتزاز احسن کی میڈیا سے گفتگو

پیر 11 جنوری 2016 21:50

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جنوری۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی عوامی ایشوز اور احتساب کے نام پر امتیازی سلوک کیخلاف نئی حکمت عملی اور فیصلوں کے ساتھ میدان میں آئے گی ، پنجاب میں پارٹی کے ناراض کارکنوں کو مناکر متحرک کرنے کیلئے بھی صوبائی قیادت کو ہدایات جاری کر دی گئیں جبکہ پنجاب اسمبلی میں بھی بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کیا جائے گا ۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت بلاول ہاؤس لاہور میں پارٹی کے مرکزی رہنماؤں کا اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی ،وسطی پنجاب کے صدر منظور وٹو، جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم احمد محمود ، لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھر کی ،نور ربانی کھر ،مخدوم شہاب الدین،مرکزی رہنما اعتزا زاحسن ، سردار لطیف کھوسہ ،شوکت بسرا ، فائزہ ملک سمیت پنجاب سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وسطی پنجاب اور جنوبی پنجاب کے صدور نے پارٹی کو منظم کرنے سمیت دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی اور پارٹی چیئرمین سے مختلف امور پر رہنمائی بھی حاصل کی ۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھاکہ پیپلز پارٹی عوام کے مسائل پر بھرپور آواز بلند کرے گی اور عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں پارٹی کو بھرپور طریقے سے متحرک کرنے کیلئے دیرینہ کارکنوں سے رابطے بڑھائے جائیں ۔

پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماسینیٹر اعتراز احسن نے بحریہ ٹاؤن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ وزیر اعظم نواز شریف اپنی میعاد پوری نہ کریں لیکن نواز شریف اپنی ٹانگوں پر خودکلہاڑی ماررہے ہیں ۔ قومی ادارے بیچنا ماں کا زیور بیچنے کے مترادف ہے یہاں پر تو ماں کے زیور خفیہ طور بیچے جارہے ہیں اور خریدار بھی خود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کبھی وزیر اعظم نواز شریف کی بات نہیں مانی ،وہ لگتا ہے کسی اور کی بات مانتے ہیں ،وزیرد داخلہ وزیر دفاع سے بات نہیں کرتے ،چوہدری نثار کبھی بھی وزیراعظم کی ہدایت کے پاسدار نہیں رہے ۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نئی حکمت عملی اور فیصلوں کے ساتھ میدان میں آئے گی۔بلاول بھٹو کی زیر صدارت اجلاس کی حکمت عملی آئندہ چند روز میں سامنے آجائے گی ۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کا وکلاء سے خطاب پیپلز پارٹی کے اہم آئینی نکات کو دوٹوک واضح کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایل این جی ،یورو بانڈز، ایمنسٹی سکیم کیوں احتساب کی نظر میں نہیں آرہے؟بغیر ٹینڈرٹھیکے دینا نیب کے قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے ۔

قانون کی پاسداری اسی وقت ہوگی جب سب برابر ہونگے ،احتساب کا عمل صرف اور صرف سندھ میں جاری ہے ،،شہباز شریف جو خود بڑے ٹھیکے دے رہے ہیں کیا اس کی کوئی اہمیت نہیں ۔انہوں نے کہا کہ رینجر ز صرف دہشتگردی کے خلاف کارروائی کرسکتی ہے کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف نہیں اگر اسے سندھ میں یہ کردار دینا ہے تو پھر پورے ملک میں دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات کے حق میں ہیں ۔نریندر مودی کے ساتھ بات چیت پر ایوان کو اعتماد میں لینا چاہیے ۔سعودی عرب اور ایران کشیدگی کے حوالے سے پاکستان کا کردار پارلیمان میں لانا ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں