کراچی کی تجارتی سرگرمیوں کو مکمل طور پربحال کرنے کے لیے شہر کو اسٹریٹ کرمنلزسے بھی پاک کرنا ہوگا‘ میاں زاہدحسین

کراچی میں قیام امن کے لیے رینجرز ،پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی قابل ستائش ہے ‘ سابق صوبائی وزیر

منگل 12 جنوری 2016 19:16

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 جنوری۔2016ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر، بزنس مین پینل کے فرسٹ وائس چیئر مین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہاہے کراچی کی تجارتی سرگرمیوں کو مکمل طور پربحال کرنے کے لیے شہر کو اسٹریٹ کرمنلزسے بھی پاک کرنا ہوگا، کراچی میں جاری ٹارگیٹڈ آپریشن کے نتیجے میں ٹارگٹ کلنگ ،بھتہ خوری ،اغواء برائے تاوان اور دیگر جرائم کی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے لیکن شہر میں بڑھتی ہوئی اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں قابل تشویش ہیں ۔

کراچی کا ہر دوسرا شہری اسٹریٹ کرمنلز کے ہاتھوں لٹ چکا ہے ۔شہر کی شاہراہیں عوام کے لیے غیر محفوظ ہوگئی ہیں ۔حکومت سندھ کو فوری طور پر اس مسئلے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

منگل کو جاری اپنے ایک بیان میں میاں زاہد حسین نے کہا کہ کراچی میں قیام امن کے لیے رینجرز ،پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی قابل ستائش ہے ۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے شہرقائد کی روشنیاں بحال کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔

ٹارگیٹڈا ٓپریشن کے نتیجے میں ٹارگٹ کلنگ ،بھتہ خوری ،اغواء برائے تاوان اور دیگر سنگین جرائم میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے لیکن اسٹریٹ کرائم کا عفریت اپنی جگہ جوں کا توں موجود ہے ۔انہوں نے کہا کہ کوئی دن نہیں گذر تا جب اسٹریٹ کرمنلز کے ہاتھوں کے کراچی کے شہری اپنے موبائل فونز ،نقدی اور دیگر اشیاء سے محروم نہ ہوتے ہوں ،خاص طورپر کراچی کے انڈسٹریل زونز میں اس قسم کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے فوری طور اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے انڈسٹریل ایریاز میں پولیس چوکیوں اور اہلکاروں کے گشت میں اضافہ کیا جائے جبکہ اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کے لیے محکمہ پولیس میں ایک شعبے کے قیام کی بھی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ رینجرز کے اختیارات کے حوالے سے سندھ حکومت نے جو کردار ادا کیا وہ قابل افسوس تھا ۔

کراچی کے شہریوں نے کئی دہائیوں کے بعد رینجرز کی کارروائیوں کی وجہ سے سکھ کا سانس لیا تھا ۔حکومت سندھ کے اس اقدام سے کراچی میں جاری ٹارگیٹڈ آپریشن کو زک پہنچی تھی ۔وفاقی حکومت اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے رینجرز کے اختیارات بحال کرکے عوام کے اعتماد کو بحال کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر کراچی کے لیے نجات دہندہ بن کر سامنے آئے ہیں ۔

رینجرز کی کارروائیوں کی وجہ سے کراچی کے تاجروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔کراچی سے اپنا سرمایہ اور کاروبار دبئی ،بنگلہ دیش اور دیگر ممالک منتقل کرنے والے صنعت کار اور تاجر دوبارہ کراچی کا رخ کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کی تجارتی سرگرمیوں کو مکمل طور بحال کرنے کے لیے شہر کو اسٹریٹ کرمنلزسے بھی پاک کرنا ہوگا ۔امید ہے کہ حکومت سندھ ،ڈی جی رینجرز سندھ اور آئی جی سندھ اس ضمن میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں