میٹرو اورنج ٹرین منصوبے کے خلاف پنجاب یونیورسٹی اساتذہ کا احتجاج

اساتذہ نے ریلی نکالی ، علامتی طور پریونیورسٹی گیٹ کے سامنے ٹریفک بلاک کی گئی

منگل 12 جنوری 2016 19:19

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 جنوری۔2016ء) اکیڈمک سٹاف ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام پنجاب یونیورسٹی کے اساتذہ نے میٹرو اورنج ٹرین کے دفاتر کے قیام اور گھروں کی مسماری کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی۔ آسا کے صدر ڈاکٹر حسن مبین عالم،سیکریٹری ڈاکٹر محبوب حسین، نائب صدر ڈاکٹر عابد حسین چوہدری اور ڈاکٹر فہیم آفتاب کی زیر قیادت انڈر گرایجوئیٹ سٹڈیز سنٹر سے پنجاب یونیورسٹی کے گیٹ نمبر 2 تک ریلی نکالی گئی اور اساتذہ نے علامتی طور پر کچھ دیر کیمپس پل کے قریب ٹریفک بھی بلاک کی۔

اس موقع پر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے اساتذہ نے کہا کہ آج سینکڑوں اساتذہ ایک بار پھر سڑکوں پر ہیں اور حکومت کو اس کے وعدے کی یاد دہانی کرانے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو کیمپس پل پر موجود چائنہ کے قونصل خانے تک احتجاج کیا جائے گااور انہیں بھی یاداشت پیش کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر موجود سینکڑوں مرد اور خواتین اساتذہ نے حکومتی وعدہ خلافی پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت مہذب انداز کو نہیں سمجھتی جس پر اساتذہ سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور ہوئے ہیں۔

اس سے قبل پنجاب یونیورسٹی کے اساتذہ کی جنرل باڈی کا اجلاس الرازی ہال میں منعقد ہوا جس میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اساتذہ نے کہا کہ اگر ہمارے گھروں کو مسمار کیا گیا تو کلاسز کے بائیکاٹ کرنے کے علاوہ امتحانات کا بھی بائیکاٹ کیا جائے گااور وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ اساتذہ بروز بدھ (کل ) دوپہر12بجے پھر اکٹھے ہوکراحتجاجی مظاہرہ کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں