چڑیا گھرلاہور کے لئے جانوروں کے جوڑے مکمل کرنے، نئے جانور خریدنے،نئے پنجرے تعمیر کرنے کے منصوبے کی منظوری

ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی چڑیا گھروں اور سفاری پارکس میں اپنے نمائندوں کا تقررکریں تاکہ دی جانے والی خوراک کے معیار کو چیک کیا جاسکے‘ صوبائی وزراء ملک محمد آصف بھا اعوان اور ملک ندیم کامران کی سربراہی میں وزیراعلیٰ کی تشکیل دی گئی 12رکنی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلے

منگل 12 جنوری 2016 22:01

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 جنوری۔2016ء) صوبائی وزیر جنگلات و جنگلی حیات ملک محمد آصف بھا اعوان اور وزیر زکوٰۃ و عشر ملک ندیم کامران کی سربراہی میں وزیراعلیٰ کی تشکیل دی گئی 12رکنی کمیٹی نے چڑیا گھرلاہور کے لئے جانوروں کے جوڑے مکمل کرنے، نئے جانور خریدنے، محکمہ جنگلی حیات کے افسران کی استعداد کار بڑھانے کیلئے افسران کو بیرون ملک تربیت ، ،تفریح کیلئے آنے والوں کو مزید سہولیات کی فراہمی اور سٹاف کالونی کی تعمیر اور امیوزمنٹ پارک کی تعمیر، جانوروں کے نئے پنجرے تعمیر کرنے کے جامع منصوبے کی منظوری دیدی ہے جس پر322 ملین روپے لاگت آئے گی۔

اس امر کا فیصلہ یہاں لاہور زو سفاری پارک میں منعقدہ خصوصی اجلاس میں کیا گیا جس میں رکن قومی اسمبلی افضل کھوکھر، رکن صوبائی اسمبلی سائرہ افتخار ، وائس چانسلر یونیورسٹی آف اینمیل سائنسزپروفیسر طلعت نصیر پاشا، ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارک پنجاب خالد ایاز خان ،ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب، چیف گیم وارڈن پنجاب شاہ رخ بٹ، پرائیویٹ وائلڈ لائف ایکسپرٹ خان محمد خان، ڈائریکٹر لاہور چڑیا گھر شفقت علی، ڈپٹی ڈائریکٹر سفاری زو پارک لاہور سید ظفرالحسن اور دیگر اراکین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزراء نے کہاکہ جنگلی حیات کے افسران کی استعدادکار بڑھانے کیلئے انہیں ساؤتھ ایشیاء کے ممالک اور یورپ و انگلینڈ بھیجاجائے گا۔ یہ افسران بیرون ملک کے چڑیاگھروں میں موجود سہولیات ، آڈیو ، ویڈیو اور پکٹوریل شواہد بھی حاصل کریں گے اور وہاں سیاحوں کو دی جانے والی تمام سہولیات، جانوروں کی دیکھ بھال، خوراک کی فراہمی اور دیگر امور کا جائزہ لے کر تفصیلی رپورٹ بھی پیش کریں گیاورتربیت مکمل کرنے کے بعد واپس وطن آکر ماسٹر ٹرینرز کے طور پر جنگلی حیات کے افسران کو تربیت دیں گے ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیر اعلی سے حتمی منظوری حاصل کرنے کے بعد یہ رقم جانوروں کے جوڑے مکمل کرنے اور نئے جانور خریدنے ، امیوزمنٹ پارک ،واک ویز ، نئے پنجروں ، آرٹ ورک اورسٹاف کالونی کی تعمیر اور سیاحوں کے لئے مزید سہولیات کی فراہمی پرخرچ کی جائے گی۔ اجلاس میں ساہیوال میں چڑیا گھر کے قیام بارے رپورٹ پیش کی گئی کہ متعلقہ ڈی سی او نے 25سے 50ایکڑ اراضی کی فراہمی کا وعدہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں ریونیو ریکارڈ چیک کیاجا رہا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات خالد ایاز خان نے اجلاس کو بتایاکہ ڈویژن کی سطح پر چڑیا گھروں اور ضلع کی سطح پر جنگلی حیات کے پارکس کے قیام کے حوالے سے صوبہ کے تمام ڈی سی اوز کو ہدایات دی جاچکی ہیں اور انہوں نے زمین کی نشاندہی کرنے کے سلسلے میں مزید 2ہفتے کی مہلت کی درخواست کی ہے۔ اجلاس میں جانوروں اور پرندوں کو دی جانے والی خوراک کی کوالٹی کے حوالے سے بتایاگیا کہ اس سلسلہ میں ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی کو درخواست کی گئی ہے کہ وہ چڑیا گھروں اور سفاری پارکس میں اپنے نمائندوں کا تقررکریں تاکہ دی جانے والی خوراک کے معیار کو چیک کیا جاسکے۔

ڈائریکٹر لاہورچڑیا گھر شفقت علی نے بتایا کہ لاہور زو کے بارے میں پریذینٹیشن دیتے ہوئے بتایاکہ چڑیا گھر میں سیاحوں کیلئے سہولتوں کی فراہمی ، آرٹ ورک، لینڈ سکیپنگ اور سوینئر شاپس کے قیام کیلئے جامع پلان تیار کر لیا گیا ہے۔مزیدبرآں صوبائی وزراء اور کمیٹی کے اراکین نے لاہور سفاری زو پارک کا دورہ بھی کیا اور سیاحوں کیلئے موجود سہولیات میں مزید اضافے اور صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے بارے تجاویز بھی دیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں