صاحبزادہ حامدرضا نے مسلم حکمرانوں کو خصوصی خط ارسال کردیا

مسلم حکمران ایران سعودی کشیدگی کے خاتمے کیلئے سفارتی کوششیں کریں‘ چیئرمین سنی اتحاد کونسل

منگل 12 جنوری 2016 22:05

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 جنوری۔2016ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے تمام مسلم حکمرانوں کو خصوصی خط ارسال کیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ مسلم حکمران ایران سعودی کشیدگی کے خاتمے کیلئے سفارتی کوششیں کریں۔ مسلم ممالک کے تنازعات کے حل کیلئے اسلامی سربراہی کانفرنس طلب کی جائے اور او آئی سی کو متحرک کیا جائے۔

داعش کے فتنے کو کچلنے کیلئے مسلم ممالک مشترکہ حکمت عملی تیار کریں۔ داعش کے خلاف اجتماعی فتویٰ جاری کروایا جائے۔صاحبزادہ حامد رضا نے خط میں مزید لکھا ہے کہ اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد میں شام ،عراق اور ایران کو بھی شامل کیا جائے اور عالمی سطح پر متحدہ مسلم بلاگ تشکیل دیا جائے۔خط میں تجویز دی گئی ہے کہ مسلم ممالک مشترکہ کرنسی کا اجراء کریں اور اسلامی اقوام متحدہ قائم کریں۔

(جاری ہے)

خط میں کہا گیا ہے کہ ایران اور سعودی کشیدگی کی وجہ سے پورے عالم اسلام میں اضطراب ہے اس لئے مسلم حکمران دو اسلامی ممالک کے سفارتی تعلقات بحال کروانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ مشرق وسطی سمیت پورے عالم اسلام میں پھیلتی فرقہ واریت کو روکنے کیلئے مشترکہ کوششیں کی جائیں۔ اسلامی ممالک ایک دوسرے کے معاملات میں مداخلت نہ کرنے کا معاہدہ کریں۔ عالم اسلام کا اتحاد ہی امت کے مسائل کا حل ہے۔ایران سعودی کشیدگی سے اسلام دشمن قوتیں فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں