گورنر پنجاب رفیق رجوانہ سے ریئر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی ملاقات ،اہم قومی اموراور صوبے کے مختلف معاملات پر تبادلہ خیال

بدھ 13 جنوری 2016 16:23

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 جنوری۔2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے ریئر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی جس میں اہم قومی اموراور صوبے کے مختلف معاملات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک سے انتہا پسندی کا خاتمہ ، دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کی بیخ کنی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا ضرب عضب آپریشن نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے اور آج ہم پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ ملک میں زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سیاسی وعسکری قیادت اور تمام ادارے دہشت گردی سمیت تمام چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لئے متفق ہیں جوایک خوش آئند پہلو ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وطن کی سلامتی ہمیں اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہے ، ملک کو غیر مستحکم کرنے والے عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان دفاعی اعتبار سے مضبوط ترین ملک ہے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ امن و امان کو قائم رکھنا اور عوام کی جان و مال کی حفاظت موجودہ حکومت کے منشور کا بنیادی نقطہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا گیا ہے ، پاک چائنہ راہ داری کا منصوبہ ملک میں معاشی انقلاب برپا کرنے میں سنگِ میل ثابت ہو گا۔ریئر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا کہ ملک کو درپیش موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام اداروں کو مل کر چلنا ہو گا۔انہوں نے کہا ملک کی سلامتی اور امن کے لئے فوج، پولیس اور دیگر اداروں نے جو قربانیاں دی ہیں وہ رائیگاں نہیں جائیں گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں