سی ڈی اے اسلام آباد میں غیرملکی سفارتخانوں کو زچ نہ کرے‘ چودھری شجاعت حسین

منتقلی ضروری ہے تو پہلے انہیں ڈپلومیٹک انکلیو میں پلاٹ اور عمارتوں کی تعمیر کیلئے مناسب وقت دیا جائے

بدھ 13 جنوری 2016 17:51

لاہور/اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 جنوری۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اسلام آباد کی جانب سے غیرملکی سفارتخانوں کو موجودہ مقامات سے منتقلی کیلئے زچ کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان سفارتخانوں کو ڈپلومیٹک انکلیو میں پلاٹ دئیے بغیر یہ اقدام نہایت افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔

چودھری شجاعت حسین نے ایک بیان میں کہا کہ سی ڈی اے کے اعلیٰ افسروں سمیت 60فیصد کے لگ بھگ ملازمین کے اسلام آباد میں اپنے دو دو مکانات ہیں جن میں سے ایک میں خود رہتے ہیں جبکہ دوسرا کرائے پر دے رکھا ہے جبکہ ایسے ملازمین بھی ہیں جو اپنے مکان کرایہ پر دے کر خود سرکاری رہائش گاہوں میں مقیم ہیں لیکن انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے جبکہ غیر ملکی سفارتکاروں کو رہائشی علاقوں سے منتقلی کیلئے غیر ضروری طور پر پریشان اور تنگ کرنے کے اس اقدام کا کوئی معقول جواز بھی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بیرونی ممالک میں خود پاکستان کے سفارتخانے رہائشی علاقوں میں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کے اس ناجائز دباؤ کے بعد غیرملکی سفارتخانوں کے پاس اور کوئی فوری حل نہیں کہ وہ اسلام آباد میں کام بند کر دیں یا کسی اور شہر میں اپنے سفارتخانے قائم کر لیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ ان تمام سفارتخانوں کو ڈپلومیٹک انکلیو میں پلاٹ الاٹ کرے اور پھر ان کو عمارتوں کی تعمیر کیلئے مناسب وقت دے اور اس وقت تک انہیں موجودہ مقامات پر کام کرنے دیا جائے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں