فوج سعودی عرب نہ بھجوانے کی ستائش

Zeeshan Haider ذیشان حیدر بدھ 13 جنوری 2016 19:16

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 جنوری۔2016ء ) جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ پیر سید معصوم حسین نقوی نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے پارلیمانی کمیٹی کے سامنے بیان میں سعودی عرب فوج نہ بھجوانے کی یقین دہانی کو سراہتے ہوئے 34۔ ممالک کے اتحاد سے بھی نکلنے کے اعلان کا مطالبہ کیا ہے۔مجلس شوریٰ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پیر معصوم نقوی نے کہا کہ یہ اتحاد امت مسلمہ کا ہے تو 23۔

مسلم ممالک کو نظر انداز کیوں کیا گیا ہے۔ اس سے واضح ہے کہ یہ اتحاد سعودی شاہی خاندان کے تحفظ کا ہے۔ جس نے شام ، یمن اور بحرین میں مداخلت کرکے خود کو متنازع بنالیا ہے۔حالانکہ حجاز مقدس کے نگہبان ہونے کے ناطے سے ان کی عزت پوری امت مسلمہ کرتی ہے لیکن اگر دوسرے ممالک کی جغرافیائی حدود کی خلاف ورزی کی جائے گی ، شام میں دہشت گرد گروہوں کی مالی مدد اور فوجی مداخلت کی جائے گی تو امن و امان کامسئلہ تو پیدا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مشرق وسطیٰ کے معاملات میں کسی ایک ملک کی حمایت کی بجائے ایران اور سعودی عرب کے درمیان ثالث کا کردار ادا کرنا چاہیے۔ جہاں فوج نہ بھیجنے کا اعلان کیا گیا وہیں ،34۔ ممالک کے اتحاد سے بھی نکلنے کا اعلان کیا جائے۔ اگر اس اتحاد میں رہنے پر میاں نواز شریف بضد رہے تو اس سے عالمی سطح پر فرقہ واریت پھیلے گی ، جس کے اثرات پاکستان پر بھی ہوں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں