گیپکو کے ڈپٹی مینیجر سرویلنس مظہر نواب نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعد مقامی قبرستان میں سپرد خاک ،واپڈا ملازمین نے یوم احتجاج منایا

قاتلوں کی عدم گرفتاری کی صورت میں19جنوری کو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا‘ صدر لیسکو انجینئرز ایسوسی ایشن مجاہد اسلام باﷲ

بدھ 13 جنوری 2016 20:25

لاہور/گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 جنوری۔2016ء) نا معلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے گوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ڈپٹی مینیجر سرویلنس مظہر نواب کو نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعد مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ، لیسکو انجینئرز ایسوسی ایشن اور واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک لیبر یونین کی طرف سے واقعے کے خلاف یوم احتجاج منایا گیا اورمختلف مقامات پر ریلیاں نکالی گئیں جبکہ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اگر قاتلوں کو فی الفور گرفتار نہ کیا گیا تو 19جنوری کو احتجاج کے لائحہ عمل کا اعلان کر دیاجائے گا۔

گوجرانوالہ میں نا معلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے گیپکو کے ڈپٹی مینیجر سرویلنس مظہر نواز کی نماز جنازہ درس بڑے میاں میں ادا کی گئی جس میں لیسکو چیف قیصر زمان ،لیسکو انجینئر ایسوسی ایشن کے صدر مجاہد اسلام باﷲ ، خورشید احمد ں چوہدری انور ، محسن رضا ، رانا مجاہد سعید ، رمضان بٹ ، رائے اصغر ، الطاف قادر ، طارق بٹر، محمد اقبال ، نجم الحسن تنویر ناگر ، شہزاد چغتائی ، منظور الحسن ، احمد فراز ، ساجد کاظمی اور امجد ناگرہ سمیت واپڈا ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

نماز جنازہ کے بعد مرحوم کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔لیسکو انجینئرز ایسوسی ایشن اورآل پاکستان واپڈا ہائیڈروالیکٹرک ورکرز یونین کے زیراہتمام گوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنی آفس کے سامنے جی ٹی روڈ پر دن دہاڑے فائرنگ سے ڈپٹی مینیجر سرویلنس مظہر نواب کی ہلاکت اور محمد ابوبکر سٹینوگرافر کو شدید زخمی کرنے کے خلاف یوم احتجاج منایا گیا ۔

لاہور میں احتجاجی ریلی نکالی گئی اور لاہور میں پریس کلب کے سامنے دھرنا دے کر احتجاج کیا گیا ۔ علاوہ ازیں گوجرانوالہ ، فیصل آباد اور دیگر مقامات پر بھی ریلیاں نکالی گئیں۔خورشیداحمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے ماہ نومبر2015 میں یونین سے باہمی میٹنگ میں کئے گئے فیصلوں کے مطابق محکمہ بجلی کے ملازمین کو بجلی چوری روکنے کے دوران لا قانونیت کے مرتکب عناصر کے خلاف تحفظ فراہم کرنے کا وعدہ پورا نہیں کیا جس کی وجہ سے آئے دن کارکن اپنی جانیں قربان کررہے ہیں۔

صدر انجینئرنگ ایسوسی ایشن مجاہد اسلام باﷲ نے اعلان کیا کہ اگر حکومت ملزمان کو کیفر کردار پہنچانے اور ملازمین کو ڈیوٹی پر تحفظ دینے میں ناکام رہی تو وہ ملک بھر میں ہڑتال کرنے پر مجبور ہوں گے ۔ قاتلوں کی عدم گرفتاری کی صورت میں19جنوری کو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ اس موقع پر مطالبہ کیا گیا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو آپریشن کرنے کیلئے الگ سکیورٹی فورس بنانے کی بھی اجازت دی جائے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں