پنجاب میں خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم حکومت کی ناکامی ہے ‘ خدیجہ فاروقی

جمعرات 14 جنوری 2016 15:08

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 جنوری۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ق)شعبہ خواتین پنجاب کی صدر و رکن پنجاب اسمبلی خدیجہ عمر فاروقی نے کہاہے کہ پنجاب میں خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم حکومت کی ناکامی ہے صوبہ میں خواتین کی الگ وزارت، صوبائی کمیشن اور صوبائی کمیشن ، صوبائی خاتون محتسب کی موجودگی میں خواتین کو تحفظ نہ ملنا تشویشناک ہے ،دستیاب سرکاری دستاویز کے مطابق پنجاب میں روزانہ 8خواتین جنسی تشدد کا نشانہ بنتی ہیں اور 11عورتیں روزانہ حملوں کا شکار ہوتی ہیں بکہ ہر روز 25خواتین کو اغواء کرلیا جاتا ہے ۔

خدیجہ فاروقی نے کہا کہ یہ بات انتہائی افسوسناک ہے کہ خواتین کے خلاف بڑھتے جرائم کے باوجود عورتوں کے خلاف تشدد کے مرتکب افراد کو سزا ملنے کی شرح ایک فیصد سے اڑھائی فیصد کے درمیان ہے ،شواہد کے حصول میں مشکلات، متاثرہ خاتون کے پیچھے ہٹ جانے ،متعلقہ حکام کی عدم دستیابی، تاخیر سے ہونے والے طبی معائنے اور پولیس کے عدم تعاون کے باعث عورتوں کے خلاف ہونے والے تشدد کے مقدمات انتہائی کمزور ہوجاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دیہی اور دور دراز کے علاقوں میں خواتین کے ساتھ جو سلوک روا رکھا جارہا ہے اس کی اکثر رپورٹ ہی درج نہیں کی جاتی اور بہت سے واقعات میں بدنامی کے خوف سے متاثرہ خواتین معاملات پولیس کے علم میں نہیں لاتیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب حکومت خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات عمل میں لائے اور خواتین کے خلاف مقدمات میں قصور وار کو قرار واقعی سزا دلوا کر انہیں نشان عبرت بنایا جائے تاکہ خواتین کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں