وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس: سکولو ں میں اساتذہ کی حاضری اور معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار

تعلیمی اہداف کے حصول میں اچھی کارکردگی پر ای ڈی اوز ایجوکیشن گوجرانوالہ ونارووال کیلئے 50، 50 ہزار روپے انعام کا اعلان معیاری تعلیم کا فروغ میرا مشن ہے جسے ہر قیمت پر پورا کرینگے، وسائل کی کمی نہیں آنے دی جائیگی :شہبازشریف

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 14 جنوری 2016 16:29

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 14 جنوری۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت گزشتہ روز اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں تعلیم کے شعبہ میں اصلاحاتی پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور اصلاحاتی پروگرام کے تحت سکولو ں میں اساتذہ کی حاضری اور معیاری تعلیم کے فروغ کے حوالے سے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے 2018 تک تعلیم کے میدان میں اہداف کے حصول کیلئے شاندار پروگرام مرتب کیا ہے۔ ”پڑھو پنجاب۔بڑھو پنجاب“ پروگرام کے تحت سکولوں میں اساتذہ کی حاضری میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ معیاری تعلیم کا فروغ میرا مشن ہے جسے ہر قیمت پر پورا کریں گے اور اس ضمن میں پنجاب حکومت نے پہلے بھی وسائل فراہم کئے ہیں اور آئندہ بھی کریں گے۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ پنجاب میں اساتذہ کی تقرریاں صرف اور صرف میرٹ پر کی گئی ہیں اور میرٹ پر بھرتی ہونے والے اساتذہ کے باعث سکولوں میں تعلیم کا معیار بلند ہو رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اصلاحاتی پروگرام کے اہداف کے حصول کیلئے محنت اور جذبے سے تسلسل کے ساتھ کام کرنا ہے۔ معیاری تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور پنجاب حکومت بچوں کو یہ حق دے رہی ہے۔

اجلاس میں سکولوں میں اساتذہ کی تربیت کیلئے موبائل ٹریننگ کا پائلٹ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ موبائل ٹریننگ پروگرام کے تحت اساتذہ کو سکولوں میں جدید تربیت فراہم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے تعلیمی اہداف کے حصول میں شاندار کارکردگی پر ای ڈی او ایجوکیشن گوجرانوالہ محمد صہیب عمران اور ای ڈی او ایجوکیشن نارووال ایاز صابر کیلئے 50، 50 ہزار روپے انعام کا اعلان کیا اور انہیں شاباش دی۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبہ میں جزا اور سزا کے نظام کے بغیر تعلیمی اہداف کا حصول ممکن نہیں۔ اگر ہم نے آگے بڑھنا ہے اور اپنی منزل حاصل کرنا ہے تو سزا اور جزا کے نظام کو اپنانا ہوگا، تعلیمی اہداف کے حصول کیلئے بہترین کارکردگی پر افسروں کی بھر پور حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ غیر تسلی بخش کارکردگی دکھانے والوں کی بازپرس ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے بچوں اور بچیوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کا بھی ٹارگٹ ہر صورت حاصل کرنا ہے۔

معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے پنجاب حکومت نے پہلے بھی وسائل فراہم کئے ہیں، آئندہ بھی کریں گے۔سکولوں میں بچوں کو معیاری تعلیم مہیا کرنے کیلئے موثر اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھنا انتہائی ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے وسائل کی فراہمی پاکستان کے مستقبل پر سودمند سرمایہ کاری ہے اوراس ضمن میں وسائل کی کوئی کمی نہیں آنے دیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ سکولوں میں طلبا اور اساتذہ کی حاضری میں خاطرخواہ بہتری آئی ہے تاہم اس حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کی تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے میدان میں گزشتہ 7برس کے دوران پنجاب حکومت نے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی ہے، تاہم یہ طویل سفر کا آغاز ہے۔ ابھی ہمیں تعلیمی شعبے کی بہتری کیلئے بہت کچھ کرنا ہے۔

معیاری تعلیم پر پنجاب کے ہر بچے کا حق ہے اور ہمیں یہ حق ان تک پہنچانا ہے جس کے لئے محنت ،دیانت اورامانت سے کام کرنا ہوگا۔ الف۔ اعلان کے روح رواں مشرف زیدی نے وزیراعلیٰ کو گوجرانوالہ اور نارووال میں سکولوں کے سروے اور وہاں پر تعلیمی اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ اور نارووال میں ہمارے سروے کے دوران اساتذہ کی 97 فیصدحاضری سامنے آئی ہے اور سکولو ں میں اساتذہ کی حاضری میں بہتری کا کریڈٹ وزیراعلیٰ شہبازشریف اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے۔

مشرف زیدی نے بتایا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی میرٹ پر اساتذہ کی تقرری کی پالیسی انتہائی کامیاب رہی ہے جس کے باعث سکولوں میں معیاری تعلیم کے فروغ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد، سیکرٹری سکولز ایجوکیشن، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، ڈیفڈ کے نمائندے بین فرنچ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں