ہر انسان اخلاقی رتبے کے اعتبار سے برابر اور یکساں سلوک کا مستحق ہے، برطانوی فلاسفر پروفیسر ہیئر

جمعرات 14 جنوری 2016 21:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 جنوری۔2016ء)معروف برطانوی فلاسفر پروفیسر ڈاکٹر جان ایڈمنڈ ہئیرنے کہا ہے کہ ہر انسان اخلاقی رتبے اور عزت و احترام کے اعتبار سے برابر ہے اور ہر شخص کے ساتھ ایک ہی انداز سے یکساں سلوک کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ خدا چاہتا ہے کہ اس سے منفرد انداز میں محبت کی جائے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ فلاسفی کے زیر اہتمام اقبال میموریل لیکچر کے سلسلے میں اخلاقیات اور مذہب کے موضوع پر الرازی ہال میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران، چیئرپرسن شعبہ فلاسفی ڈاکٹر شگفتہ ، ڈائریکٹر شعبہ امور طلبہ شاہد محمود گل، فیکلٹی ممبران اور طلبا ء طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے یل یونیورسٹی نیو ہیون امریکہ کے پروفیسر جان ایڈمنڈ ہئیر نے کہا کہ کانٹین مورالٹی کے مطابق ہم تمام انسانوں کو یکساں اخلاقی رتبے سے نوازنا چاہئیے مگر عملی طور پر اسے ثابت کرنا دشوار ہے۔

انہوں نے کہا کہ اخلاقیات مذہب پر منحصر ہوتی ہیں اور انہیں مختلف دلائل سے ثابت کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے موضوع پر فلسفے کے طلباء و طالبات کو اس سلسلے میں معروف فلسفیوں کی آراء کے حوالے دئیے۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا کہ فلسفہ انسانی زندگی میں نہایت اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے فلسفے جیسے خشک مضمون پر دلچسپ لیکچر دینے پر پروفیسر ہئیر کو مبارکباد دی۔ ڈاکٹر شگفتہ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شعبے کے زیر اہتمام اقبال میموریل لیکچر باقاعدگی سے منعقد ہو رہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں