پنجاب میں دہشتگردوں اور جرائم پیشہ افراد کیخلاف بڑے آپریشن کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا‘ ذرائع

جمعہ 15 جنوری 2016 12:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 جنوری۔2016ء) پنجاب میں دہشتگردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف بڑے آپریشن کا فیصلہ کر لیا گیا،آپریشن سی ٹی ڈی اورایلیٹ فورس کرے گی ،پنجاب سے ملنے والی سندھ اور بلوچستان کی سرحد پر آپریشن کے دوران رینجرز معاونت کریگی جبکہ ضرورت پڑنے پر فوج بھی طلب کی جا سکے گی، آپریشن میں جدیدآلات اور ہیلی کاپٹر زبھی استعمال کیے جائیں گے۔

میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر یہ آپریشن جنوبی پنجاب کے علاقوں ڈی جی خان، راجن پور اور رحیم یار خان کی دیگر صوبوں سے ملنے والی سرحد پر کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اس آپریشن کی ضرورت اس لیے پیش آئی ہے کہ جنوبی پنجاب کے سرحدی علاقوں میں اسلحے کی اسمگلنگ کی جاتی ہے، لوگوں کو تاوان کیلئے اغوا کیا جاتا ہے اور دہشتگردوں اور جرائم پیشہ افراد نے یہاں پناہ گاہیں بنا رکھی ہیں۔

(جاری ہے)

انہی علاقوں میں اسلحہ ذخیرہ کیا جاتا ہے اور دہشت گردی کی تربیت بھی دی جاتی ہے۔آپریشن میں رینجرز اور دوسری پیراملٹری فورسز سی ٹی ڈی اور ایلیٹ پولیس کی معاونت کریں گی اور ضرورت پڑنے پر فوج کو بھی بلایا جا سکے گا۔ آپریشن میں ہیلی کاپٹر اور جدید آلات بھی استعمال کیے جائیں گے۔کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے دوسرے علاقوں میں یہ آپریشن ایلیٹ فورس کی مدد سے کرے گا تاہم بوقت ضرورت رینجرز یا پیراملٹری فورس کی معاونت بھی حاصل کی جاسکے گی ۔

رینجرز یا پیرا ملٹری فورس کو خصوصی اختیارات نہیں دئیے جائیں گے وہ صرف آپریشن میں معاونت کر یں گے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اعلی سطح کے اجلاس میں بھی یہ معاملہ زیر بحث آ چکا ہے اور وزیراعلی پنجاب نے موقف اختیار کیا تھا کہ سی ٹی ڈی پولیس ، آپریشن کرنے کی اہلیت رکھتی ہے تاہم پیرا ملٹری فورسز کی مدد سے آپریشن کو موثر طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں