وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی کی ملاقات

عرفان صدیقی کی رہنمائی میں ادبی اور تاریخی ادارے اپنا کردار بہتر انداز میں ادا کر سکیں گے،شہبازشریف امید ہے وفاقی اور صوبائی حکومتیں قائد و ؒ اقبالؒ کے افکار کے فروغ میں تعاون جاری رکھیں گی،عرفان صدیقی

جمعہ 15 جنوری 2016 19:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 جنوری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں قومی تاریخ و ادبی ورثہ کی ترویج کے امور پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے عرفان صدیقی کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ عرفان صدیقی کی رہنمائی میں ادبی اور تاریخی ادارے اپنا کردار بہتر انداز میں ادا کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

قومی تاریخ اور ادبی ورثہ کی ترویج کیلئے ہرممکن تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو قومی تاریخ و ادبی ورثہ سے روشناس کرانے کیلئے عرفان صدیقی اپنی تمام تر توانائیاں اور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں قائداعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ اقبالؒ کے افکار کے فروغ میں تعاون جاری رکھیں گی۔ عرفان صدیقی نے وزیراعلیٰ کو اپنی نئی ذمہ داریوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں