مسلم امہ کو انتشار میں مبتلا کرنے والی قوتوں کا مقابلہ متحد ہو کر ہی کیا جا سکتا ہے،پاکستان کا انتہاء پسندی ، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے 34 ممالک کے اتحاد میں شامل ہونا درست سمت قدم ہے‘شام کے مظلوم انسانوں کی امداد کیلئے عالمی دنیا اپنا کردار ادا کرے

مذہبی جماعتوں کے قائدین کایوم یکجہتی ارض الحرمین الشریفین و ارض الشام کے موقع پر جمعہ کے اجتماعات سے خطاب

جمعہ 15 جنوری 2016 20:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 جنوری۔2016ء) پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر ملک بھر میں مختلف مذہبی جماعتوں کے قائدین نے کہاہے کہمسلم امہ کو انتشار میں مبتلا کرنے والی قوتوں کا مقابلہ متحد ہو کر ہی کیا جا سکتا ہے ۔کفریہ طاقتوں کی سب سے بڑی سازش پاکستان ، ترکی اور سعودی عرب کے امن کو تباہ کرنا ہے۔ پاکستان کا انتہاء پسندی ، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے 34 ممالک کے اتحاد میں شامل ہونا درست سمت قدم ہے۔

شام کے مظلوم انسانوں کی امداد کیلئے عالمی دنیا اپنا کردار ادا کرے ۔ وہ یوم یکجہتی ارض الحرمین الشریفین و ارض الشام کے موقع پر جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے۔ اسلام آباد ، لاہور ، کراچی ، کوئٹہ، فیصل آباد ، گوجرانوالہ ، پشاور ، نوشہرہ ، ملتان ، ژوب ، سکھر ، ڈیرہ اسماعیل خان ، راوالپنڈی ، ڈیرہ غازی خان ، جہلم ، بنوں ، مردان ، سوات ، چمن، لاڑکانہ ، رحیم یار خان ، بہاولپور اور ملک کے دیگر شہروں میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی ، جمعیت علماء پاکستان کے مولانا سردار محمد خان لغاری ، سنی اتحاد کونسل سواد اعظم کے علامہ پیر محفوظ مشہدی، وفاق المساجد پاکستان کے مولانا عبد القیوم ، جمعیت علماء اہلحدیث کے مولانا غلام اﷲ خان ، انٹر نیشنل ختم نبوت موومنٹ کے علامہ شبیر احمد عثمانی، مولانا اسد زکریا ، مولانا ایوب صدفر، مولانا اسد اﷲ فاروق ، مولانا عبد الکریم ندیم ، مولانا عبد الحمید صابری، مولانا عبد الحمید وٹو ، مولانا انوارالحق مجاہداور وفاق المساجد پاکستان سے متصل 74600 مساجد کے آئمہ اور خطباء نے کہا کہ انڈونیشیا ء سے لے کر پاکستان تک ہونے والی دہشت گردی مسلم امۃ کو اتحاد کی دعوت دے رہی ہے ۔

(جاری ہے)

داعش اور دیگر عالمی دہشت گرد تنظیمیں مسلم امۃ کے خلاف صف آراء ہو چکی ہیں۔ مسلم ممالک میں بعض دہشت گرد تنظیموں اور ان کے سرپرست ممالک کی مداخلت مسلم امۃ کو غور و فکر کی دعوت دے رہی ہے۔اجتماعات سے ایک متفقہ قرار داد میں سعودی عرب کی سر زمین کے تحفظ اور دفاع کے حکومت اور افواج پاکستان کی طرف سے عزم کی مکمل تائید و حمایت کرتے ہوئے کہا گیا کہ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے تقدس اور دوستی کے رشتے ہیں ، کسی بھی قوت کو سعودی عرب کی سلامتی اور امن سے نہیں کھیلنے دیا جائے گا اور وزیر اعظم اور آرمی چیف کا مؤقف پوری پاکستانی قوم کی ترجمانی ہے ۔

اجتماعات میں ایک اور قرار داد کے ذریعے عالمی دنیا بالخصوص مسلم ممالک سے اپیل کی گئی کہ شام کے مظلوم اور مجبور عوام پر ہونے والے مظالم کے سلسلہ کو بند کروانے کیلئے عالمی دنیا اور مسلم ممالک اپنا کردار ادا کریں اور شامی عوام کی امنگوں کے مطابق شام کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے ۔ شام میں بیرونی مداخلتوں کا سلسلہ بند کروایا جائے اور بشار الاسد کے مظالم سے شامی عوام کو نجات دلائی جائے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں