پاکستان بھر سے پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں تقریب، وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ساڑھے اٹھارہ کروڑ روپے کے انعامات تقسیم کئے

قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس لینے کیلئے احتساب کا کڑا نظام ضروری ہے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا پوزیشن ہولڈرطلبا و طالبات میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

جمعہ 15 جنوری 2016 21:37

پاکستان بھر سے پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں تقریب، وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ساڑھے اٹھارہ کروڑ روپے کے انعامات تقسیم کئے

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 جنوری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک سے غر بت، جہالت، بیروزگاری کے خاتمے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا واحد راستہ تعلیم ہے- بین الاقوامی برادری میں باوقار مقام کے حصول اور خودکفالت کی منزل بھی فروغ تعلیم کے ذریعے ہی حاصل کی جا سکتی ہے- تعلیم کی اسی اہمیت کے پیش نظر پنجاب حکومت نے صوبے کے کونے کونے میں علم کے چراغ روشن کئے ہیں- گزشتہ 8 برسوں کے دوران پوزیشن ہولڈر طلبا و طالبات میں ایک ارب روپے سے زائد کے انعامات تقسیم کئے جا چکے ہیں جبکہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کی آمدن سے ایک لاکھ ہونہار مستحق طلبا و طالبات کو وظائف دیئے جا رہے ہیں- آئندہ ایک برس میں وظائف کی تعداد 2 لاکھ کی جائے گی- پنجاب حکومت کے تعلیمی پروگراموں کی خوبی یہ بھی ہے کہ اس میں پنجاب کے علاوہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ اور فیڈرل بورڈ اسلام آباد کے طلبا و طالبات کو بھی شامل کیا گیا ہے جس سے قومی یکجہتی، یگانگت، بھائی چارہ اور صوبائی ہم آہنگی فروغ پا رہی ہے- بدقسمتی سے دور آمریت کے دوران ماضی کے حکمرانوں نے پنجاب میں لوٹ مار کا بازار گرم رکھا- ترقیاتی منصوبوں کے نام پر غریب قوم کی محنت کی کمائی کو بے دردی سے لوٹا- سیاسی بنیادوں پر اربوں روپے کے قرضے معاف کرائے گئے- کاش ماضی میں قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹنے کی بجائے فروغ تعلیم پر صرف کیا جاتا تو ہم اپنی منزل کے قریب ہوتے- ہم نے صوبے میں کرپشن فری کلچر کو فروغ دیا ہے اور کوئی ہم پر ایک دھیلے کی کرپشن کا بھی الزام نہیں لگا سکتا- وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں محنت، امانت اور دیانت کو شعار بناتے ہوئے پاکستان میں ترقی و خوشحالی کا انقلاب برپا کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار آج ایوان اقبال میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات 2015 کے پوزیشن ہولڈر طلبا و طالبات میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا- وزیراعلی محمد شہباز شریف نے پوزیشن ہولڈر طلبا و طالبات میں ساڑھے اٹھارہ کروڑ روپے کے انعامات تقسیم کئے- صوبائی وزراء رانا مشہود احمد، عائشہ غوث پاشا، ملک ندیم کامران، بیگم ذکیہ شاہنواز، ڈاکٹر فرخ جاوید، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، وائس چیئرمین پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ ڈاکٹر امجد ثاقب، چیئرمین پنجاب ہائرایجوکیشن کمیشن، ماہرین تعلیم، دانشوروں، کالم نگاروں، یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، اساتذہ اور طلبا و طالبات کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی- پوزیشن ہولڈر طلبا و طالبات کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا-وزیراعلی محمد شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج عظیم دن ہے کہ پاکستان بھر سے پوزیشن ہولڈرز ایوان اقبال میں جمع ہیں- پنجاب حکومت ہر سال اس تقریب کا انعقاد کرتی ہے جس میں قومی یکجہتی کا رنگ نظر آتا ہے- بلاشبہ یہ تقریب قومی یکجہتی، باہمی محبت اور صوبائی روابط کو فروغ دینے میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے- اس عظیم الشان تقریب کے انعقاد سے وادی مہران، بلوچستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، فیڈرل بورڈ اور پنجاب کے ہونہار بچے اور بچیاں قوم کے سامنے داد تحسین حاصل کرتی ہیں- پنجاب حکومت نے 8 سال قبل چند دیئے جلائے تھے، آج اس سے لاکھوں دیئے جل رہے ہیں- اس منزل کا اب کوئی راستہ نہیں روک سکتا- پنجاب حکومت کے تعلیمی فنڈ سے لاکھوں ہونہار بچے اور بچیاں اپنی تعلیمی پیاس بجھا رہی ہیں- تعلیمی فنڈ کے وظائف کے ذریعے کوئی ڈاکٹر بن رہا ہے تو کوئی انجینئر اور کوئی بینکر اور ماہر اقتصادیات بن کر ملک و قوم کی خدمت کر رہا ہے- پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پروگراموں کے ذریعے بھی غریب خاندانوں کے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جا رہا ہے- انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے صوبے بھر کے ہائی سکولوں میں آئی ٹی لیبز قائم کی گئی ہیں جبکہ 4 لاکھ لیپ ٹاپ طلبا و طالبات میں تقسیم کئے گئے ہیں- انہوں نے کہا کہ ماضی کے پنجاب کے حکمران نے 40 کروڑ روپے کا سیکرٹ فنڈ قائم کیا- کوئی نہیں جانتا کہ یہ فنڈ کہاں خرچ کیا گیا- اسی طرح ترقیاتی منصوبوں کے نام پر لوٹ مار کی گئی- قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس لینے کیلئے احتساب کا کڑا نظام ضروری ہے- انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کی ٹیکسٹائل کی برآمدات پاکستان کی کل برآمدات سے زیادہ ہیں- سری لنکا، بنگلہ دیش، بھارت، ملائشیا، ترکی، اردن، مصر اور دیگر کئی ممالک تعلیمی لحاظ سے ہم آگے نکل چکے ہیں- انہوں نے کہا کہ ماضی کی غلطیوں پر رونے دھونے کی بجائے ماضی سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہے اور شبانہ روز محنت سے اپنی منزل حاصل کرنا ہے- انہوں نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کا قومی منصوبہ حقیقت بن چکا ہے اور یہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہے- سی پیک کے تحت پاکستان بھر میں توانائی کے منصوبے لگائے جا رہے ہیں- ان منصوبوں کی تکمیل سے انشاء اﷲ پاکستان کے اندھیرے چھٹ جائیں گے اور ہر طرف روشنی ہی روشنی ہوگی- انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گیس کی بنیاد پر لگنے والے 3600 میگاواٹ کے بجلی کے منصوبوں میں قوم کے 112 ارب روپے بچائے گئے ہیں- ماضی میں ترقیاتی منصوبوں میں اس قسم کی بچت کی کوئی تصور نہ تھا- اس کے برعکس گاڑیاں، بنگلے اور کارخانے رکھنے والی اشرافیہ نے اربوں روپے کے قرضے سیاسی بنیادوں پر معاف کرائے اور ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کے انبار کھڑے کئے گئے- اگر ماضی کی لوٹ مار اور کرپشن کے انبار نہ ہوتے تو آج ملک میں ترقی و خوشحالی کے مینار ہوتے- انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں گزشتہ اڑھائی برسوں کے دوران شفاف طریقے سے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جا رہے ہیں اور انشاء اﷲ وزیراعظم کی قیادت میں دن رات محنت کرکے ملک و قوم کی تقدیر بدل دیں گے اور ملک کو بانیان پاکستان کے مطابق صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنا کر دم لیں گے- انہوں نے کہا کہ تعلیم پر صرف اشرافیہ کا حق نہیں بلکہ پشاور سے کراچی تک معیاری تعلیم پر ہر بچے کا حق ہے- تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے دن رات ایک کر دیں گے- مجھے امید واثق ہے کہ ہم اپنی منزل ضرور حاصل کریں گے- راستہ مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں