منشور میں پسے ہوئے طبقات کو ریلیف دینے کے دعویدار حکومت میں آنے کے بعد اسکے برعکس اقدامات کر رہے ہیں ‘ جمشید چیمہ

پیر 18 جنوری 2016 14:32

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جنوری۔2016ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ اپنے منشور میں پسے ہوئے طبقات کو ریلیف دینے کے دعویدارحکومت میں آنے کے بعد اسکے برعکس اقدامات کر رہے ہیں، حکومت عوام کو صحت ،تعلیم اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کی بجائے ”شعبدہ بازی “کے منصوبوں پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔

گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں یکسر ناکام ہو چکی ہے ۔عوام کو دو وقت کی روٹی میسر نہیں جبکہ حکمران دودھ اور شہد کی نہریں بہا دینے کے دعوے کرتے نہیں تھکتے ۔ عوام اب با شعور ہو چکے ہیں صرف بیانات اور دعوؤں سے ان کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونکی جا سکتی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی مصدقہ اطلاعات موجود ہیں کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے سے بڑے پیمانے پر لوگوں کے گھر اور کاروبا رمتاثر ہونے کی وجہ سے حکمران جماعت کے اپنے اراکین اسمبلی بھی اس کے مخالف ہو گئے ہیں ۔

جمشید چیمہ نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت اور خیبر پختوانخواہ کی حکومت میں شامل لوگ پنجاب اور وفاق کے حکمرانوں کی طرح اپنی زندگیوں میں خوشحالی اور آسودگی لانے کی بجائے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔ آج عالمی ادارے بھی معترف ہیں کہ خیبر پختوانخواہ صوبہ جو دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن پر جنگ لڑ رہا ہے عام انتخابات کے بعد وہاں کی حکومت کے انقلابی اقدامات سے عوام کا معیار زندگی بلند ہوا ہے اور خاص طور پر تعلیم اور صحت کے شعبوں میں اصلاحات کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں