لاہور پریس کلب کے سالا نہ انتخابات 2016ء میں پروگریسو پینل نے میدان مار لیا

پیر 18 جنوری 2016 14:33

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جنوری۔2016ء) لاہور پر یس کلب کے سالانہ انتخابات2016 ء کے حتمی نتائج کا اعلان کر دیا گیا جس میں پروگریسو پینل نے میدان مار لیا ہے ۔ سالانہ انتخابات اتوار کے روز لاہور پریس کلب میں منعقد ہوئے جس میں پروگریسیو پینل، جرنلسٹ پینل اور رائٹرز پینل کے امیدواروں نے حصہ لیا ۔انتخابات میں 1863ووٹرز نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ۔

حتمی نتائج کے مطابق پروگریسو پینل کے امیدواروں نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی ، پروگریسو پینل کی طرف سے محمد شہباز میاں صدر منتخب ہوئے جنہوں نے981 و وٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مد مقابل صدارتی امیدواران ارشد انصاری 834اور زاہد شفیق طیب نے 31 ووٹ حاصل کئے ۔نائب صدرعبدالمجید ساجد نے928ووٹ حاصل کئے ان کے مد مقابل نعیم حنیف نے806 اور منصور احمد خان نے 51ووٹ حاصل کئے ، سیکرٹری کی نشست پرشاداب ریاض نے کامیابی حاصل کی اور996ووٹ حاصل کئے ۔

(جاری ہے)

ان کے مد مقابل افضال طالب نے782اور امجد فاروق کلو نے 49 ووٹ حاصل کئے ، فنانس سیکرٹری کی نشست پرظہیر احمد بابر نے984 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی جبکہ ان کے مد مقابل فرزانہ چوہدری نے 805 اورشاہد محمود شیخ نے 36 ووٹ حاصل کئے، جوائنٹ سیکرٹری کی نشست پرزاہد گوگی ریکارڈ1002 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے جبکہ انکے مد مقابل افضال چوہدری 716 اور عبد الرؤف خان نے 115 ووٹ لئے ۔

گورننگ باڈی کی کل آٹھ نشستوں کے نتائج کے مطابق رانا شہزاد 608، عمران شیخ601، محسن علی 581، اظہر مقبول 561، جواد رضوی 559،ااسماعیل جھکڑ545 ،فرقان الٰہی543 اورشیر افضل بٹ نے 513ووٹ حاصل کئے ۔اس موقع پر نو منتخب صدرمحمد شہباز میاں نے خطاب کرتے ہوئے الیکشن کمیشن اور رہبر کمیٹی کو پر امن اور مثالی الیکشن کے انعقاد پر زبردست خراج تحسین پیش کیا اور اپنے تمام ووٹرز اور سپورٹرز کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے الیکشن کو پر امن بنانے میں اپنا کردار ادا کیا اور کہا کہ پروگریسو پینل کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ لاہور کی صحافتی برادری آئین اور قانون کی بالا دستی پر یقین رکھتی ہے اور اداروں کے استحکام کیلئے آگے برھ کر اپنا کردار ادا کرنا بھی جانتی ہے ۔

اس موقع پر انہوں نے پریس کلب کے چار معطل اراکین ایاز چوہدری، آصف بٹ، میاں داؤد اور حبیب چوہان کی ممبر شپ کی بحالی کا اعلان کیا جبکہ کلب ملازمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے برو ز پیر اور منگل کی چھٹی اور ایک ماہ کی تنخواہ بطور بونس دینے کا بھی اعلان کیا۔تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ، اعجاز احمد چوہدری ، ڈاکٹر یاسمین راشد ، مسلم لیگ (ق) کے سربراہ و سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین ، سابق نائب وزیر اعظم چوہدری پرویز الٰہی ، امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق ، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ ، پنجاب کے امیر میاں مقصود احمد ، سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا سمیت دیگر رہنماؤں نے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں