پیاف نے حکومت کی رواں سال آئی ایم ایف سے چھٹکارے کی خبر کو خوش آئند قرار دیدیا

پیر 18 جنوری 2016 14:35

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جنوری۔2016ء) پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسو سی ایشنز فرنٹ (پیاف ) کے قائمقام چیئرمین تنویر احمد صوفی اور وائس چیئر مین خواجہ شاہ زیب اکرم نے حکومت کی رواں سال آئی ایم ایف سے چھٹکارے کی خبر کو خوش آئند قرار دیا ہے اور اسے معیشت کی بہتری کے لئے نیک شگون قرار دیا ہے۔گزشتہ روز ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری میں مثبت پیش رفت کی بدولت دوست ملک چین کے بعد دوسرے ممالک بھی پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں، عالمی تناظر میں ایران پر اقتصادی پابندیو ں کا خاتمہ بھی ایک اہم پیش رفت ہے جو پاک ایران گیس پائپ لائن کی تکمیل کا آغاز ہو جائے گا۔

تنویر احمد صوفی نے کہا سعودی عرب اور چین کی طرف سے سرمایہ کاری کا آنا خوش آئند عمل ہے لیکن ضروری ہے کہ حکومت خود انحصاری پر مبنی پالیسیاں تشکیل دیتی ہوئے آئی ایم ایف کے شکنجے سے باہر نکلنے کیلئے عملی اقدامات کرے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ تاریخ شاہد ہے کہ آئی ایم ایف نے جس ملک کے ساتھ بھی قرضوں کے نام پر اصلاحات کی ہیں، ان ممالک کے مسائل بڑھے تو ضرور ہیں مگر کم نہیں ہوئے ہیں۔

وائس چیئر مین خواجہ شاہ زیب اکرم نے کہا کہ آئی ایم ایف کی کڑی شرائط کی بدولت بجلی گیس پٹرول اور بعض دوسری اشیاء کے نرخ اس قدر بڑھا دیے گئے ہیں کہ پیداواری لاگت میں اضافے کا باعث ہیں، انھوں نے کہا کہ اگر حکومت اس سال آئی ایم ایف سے نجات حاصل کر لیتی ہے تو ملک حقیقی معنوں میں ترقی اور خود انحصاری کی جانب گامزن ہو جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں